الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے سرکاری نتائج کا اعلان کردیا

 

 

 

الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے ایل اے 36 جموں 3 سمیت مہاجرین کی پانچ نشستوں کے سرکاری نتائج جاری کر دیے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے واضح برتری حاصل کرتےہوئے پانچ میں سے چار نشستیں اپنے نام کرلیں، جب کہ ایک نشست پیپلزپارٹی کے حصے میں آئی۔ایل اے 36 جموں 3 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محمد احسن رضا 27 ہزار 218 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے، جب کہ پیپلز پارٹی کے احسن اسماعیل 12 ہزار 980 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔

چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق مہاجرین کی کشمیر ویلی کی نشستوں میں ایل اے 41 کشمیر ویلی 2 سے مسلم لیگ (ن) کے محمد عامر شاہ ایک ہزار 804 ووٹ لےکر کامیاب ہوئے۔ایل اے 42 کشمیر ویلی 3 سے مسلم لیگ (ن) کے سید شوکت علی شاہ ایک ہزار 524 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے۔

اسی طرح ایل اے 43 کشمیر ویلی 4 سے مسلم لیگ (ن) کے محمد یاسین لون ایک ہزار 276 ووٹ لےکر کامیاب ہوئے،جب کہ ایل اے 44 کشمیر ویلی 5 سے مسلم لیگ (ن) کے احمد رضا قادری 2 ہزار 308 ووٹ حاصل کرکے فاتح قرارپائے۔

دوسری جانب ایل اے 45 کشمیر ویلی 6 سے پیپلزپارٹی کے عبدالماجد خان 3 ہزار 448 ووٹ حاصل کرکے کامیاب رہے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے مظفر آباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ کےلیے صبح 8 سے شام 5 بجے تک کا وقت مقرر کیا تھا۔

مظفر آباد ڈویژن کی 8 نشستوں پر پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹہ توسیع کی گئی تھی،جس کے بعد ووٹرز شام 6 بجےتک ووٹ کاسٹ کرتےرہے۔

آزاد کشمیر میں ن لیگ کی کامیابی عوامی اعتماد کا مظہر : وزیراعظم شہباز شریف

آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں آج 21 نشستوں پر پولنگ شیڈول تھی،جس میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 جب کہ مہاجرین کی 12 نشستیں شامل تھیں تاہم الیکشن کمیشن نے حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد میں پولنگ ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔

الیکشن کمیشن کےمطابق حلقہ ایل اے 27 میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے متعدد سڑکیں بند تھیں جس کے نتیجے میں انتخابی عملہ اور انتخابی سامان بروقت نہ پہنچ سکا،اس حلقے میں پولنگ اب 4 اگست کو ہوگی۔

 

Back to top button