عوامی مینڈیٹ کی بنیاد پر آزاد کشمیر میں ن لیگی حکومت قائم ہوگی: رانا ثنا اللہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) کو واضح برتری حاصل ہوئی ہے اور عوامی مینڈیٹ کی بنیاد پر آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہوگی۔

وفاقی وزیر امیر مقام کے ہمراہ کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے بتایا آزاد کشمیر کی 20 نشستوں پر دوسرے مرحلے کے انتخابات مکمل ہوئے، جن میں مسلم لیگ (ن) نے 13 نشستیں حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں میں سے 7 پر انتخابی عمل مکمل ہو چکا ہے، جبکہ مجموعی طور پر 45 نشستوں میں سے اب تک 26 پر مسلم لیگ (ن) کامیاب ہو چکی ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی انتخابات سے قبل دھاندلی کے الزامات لگا رہی تھی، تاہم اب انہیں قوم کو بتانا چاہیے کہ انتخابات شفاف تھے یا نہیں۔ ان کے مطابق جب دھاندلی کے ثبوت طلب کیے گئے تو پہلے 13 پولنگ سٹیشنز کا دعویٰ کیا گیا، پھر یہ تعداد کم ہو کر 4 اور بعد ازاں صرف 2 پولنگ سٹیشنز تک محدود رہ گئی۔

انہوں نے کامیاب امیدواروں کو وزیراعظم، مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی وعدوں کے مطابق آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔

رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ 10 اگست کو تیسرے مرحلے کے انتخابات مکمل ہونے کے فوراً بعد مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کیا جائے گا تاکہ آئندہ کی حکمت عملی مرتب کی جا سکے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام کو اپنا حقِ رائے دہی آزادانہ طور پر استعمال کرنے کا مکمل موقع ملا، تاہم دو روز قبل ایکشن کمیٹی کے ساتھ مل کر شہر کے ایک چوک پر ہنگامہ آرائی کی گئی۔ ان کے مطابق پولیس کی مداخلت پر فائرنگ ہوئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوا اور شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا، جس سے ووٹر ٹرن آؤٹ بھی متاثر ہوا۔

امریکا ایران کشیدگی میں کمی سے عالمی مارکیٹ میں تیل سستا

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ کراس فائرنگ میں ملوث افراد کے نام متعلقہ اداروں کے پاس موجود ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ شہر میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ایکشن کمیٹی کے ساتھ مل کر ہنگامہ آرائی کی، جس سے مسلم لیگ (ن) کو انتخابی نقصان پہنچا۔

Back to top button