ماہرہ خان نے برطانیہ میں فلسطینیوں کیلئےعطیہ جمع کرلیا

اداکارہ ماہرہ خان نے فلسطینی عوام کیلئےفلاحی مہم کے دوران برطانیہ میں ایک لاکھ 80 ہزار پاؤنڈ جمع کرکے انسانی ہمدردی کی ایک اور مثال قائم کر دی۔
ماہرہ خان، جو نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنی اداکاری کے باعث پہچانی جاتی ہیں، گزشتہ دنوں مختلف تقریبات میں شرکت کے لیے برطانیہ میں موجود تھیں۔ اس دوران انہوں نے مداحوں سے ملاقاتوں کے خصوصی سیشنز کا بھی اہتمام کیا، جہاں سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی فلسطین کے لیے مختص کردی گئی۔
اداکارہ ان تقریبات میں دو مختلف دلکش انداز میں نظر آئیں اور ان کے مداحوں نے بھی بھرپور انداز میں شرکت کرتے ہوئے امدادی مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔ منتظمین کے مطابق ان تقریبات کے ذریعے مجموعی طور پر 180,000 پاؤنڈ جمع کیے گئے، جو فلسطینی متاثرین کی امداد کے لیے عطیہ کر دیے گئے ہیں۔
