پوتےنےبیگ میں توپ کے گولے رکھ کردادی کومشکل میں ڈال دیا

امریکا میں ایک پوتے نے دادی کے بیگ میں توپ کے گولے رکھ کر اپنی دادی کو مشکل میں ڈال دیا۔
امریکی ریاست الاباما کے گلف شورز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر معمول کی سیکیورٹی جانچ کے دوران ایک مسافر کے سامان سے امریکی خانہ جنگی کے دور سے تعلق رکھنے والے پانچ چوری شدہ توپ کے گولے برآمد ہوئے۔
ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن کے مطابق 18 جولائی کو ایک اہلکار نے ایکس رے اسکیننگ کے دوران سوٹ کیس میں ایک مشتبہ بڑی شے دیکھی۔ تلاشی لینے پر کاغذی تولیوں میں لپٹے ہوئے پانچ چھوٹے توپ کے گولے ملے، جس کے بعد فوری طور پر سپروائزر کو اطلاع دی گئی۔
ٹی ایس اے اہلکار جسٹن ڈوپری نے بتایا کہ انہوں نے پہلے غیر فعال دستی بم اور تربیتی گولہ بارود ضرور دیکھا تھا، لیکن اس نوعیت کا تاریخی اور چوری شدہ نوادرات کا معاملہ پہلی بار سامنے آیا۔
ٹی ایس اے کے مطابق برآمد ہونے والے گولے غیر فعال تھے اور ان میں کوئی دھماکا خیز مواد موجود نہیں تھا۔ تاہم، توپ کے گولے فوجی گولہ بارود شمار ہوتے ہیں، اس لیے انہیں طیارے میں لے جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔
