ملک میں ٹیکس چوری کا نیا طریقہ بے نقاب

وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلیجنس اینڈ انویسٹیگیشن نے ایسے متعدد کیسز سے پردہ اٹھایا ہے جس میں ٹیکس سے بچنے کے لیے رقم کی منتقلی دور دراز علاقوں میں کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ صرف 3 کیسز میں اربوں روپے کا ٹیکس چوری کیا گیا جو منی لانڈرنگ کے زمرے میں آتا ہے۔حکومت نے ان اکاؤنٹس کے ماخذ کی تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس میں متعلقہ قوانین کے تحت(ملوث) رقوم پر ٹیکس لگا اسے منطقی انجام تک پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا تھا کہ کیسز سے انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 اور بے نامی ایکٹ 2017 کے تحت نمٹا جائے گا، عہدیدار کا کہنا تھا کہ ٹیکس چوری کے حیرت انگیز طریقے سامنے آرہے ہیں حکومت معیشت کا دستاویزی کرنے کے لیے پر عزم ہے اس لیے ہر ایک کوٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
اس حوالے سے دیکھے گئے سرکاری دستاویزات کے مطابق ڈی جی آئی اینڈ آئی کے حیدرآباد چیپٹر نے کسٹم، ٹیکسیشن اور اینٹی اسمگلنگ کراچی کے خصوصی جج کی عدالت میں اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت 3 شکایات دائر کی ہیں۔یہ شکایات 3 افراد حکمت اللہ، عبدالنافع اور حیات اللہ کے خلاف تفتیش کے بعد دائر کی گئیں۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ ان افراد کے اکاؤنٹس میں موصول ہونے والی رقم ان کے ٹیکس ڈیکلریشن میں ظاہر کردہ رقم سے کہیں زیادہ ہے، تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ سال 2014 سے 2018 کے درمیان حکمت اللہ جو رپورٹس کے مطابق ایک اسکریپ ڈیلر ہے، کے متعدد بینک اکاؤٹس تھے۔
حکمت اللہ نے 15 لاکھ 70 ہزار روپے کی وصولیاں ظاہر کیں اور کوئی انکم ٹیکس ادا نہیں کیا لیکن ان کے بینک میں 10 ارب 50 کروڑ روپے کی رقم موجود تھی۔
ایف بی آر کے مطابق حکمت اللہ نے اپنی حقیقی آمدن/کاروبار/ریونیو کو اپنے آمدن پر لاگو ٹیکس چوری کرنے کے لیے حکومت سے چھپایا، جس کی واحد ملکیت کاروبار ہے لیکن وہ اپنے بینک اکاؤنٹس میں اعلیٰ سطح کی مالیاتی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ مذکورہ کیس میں تقریباً 5 ارب 64 کروڑ روپے کا ٹیکس چوری کیا گیا۔
دوسرے کیس میں عبدالنافع کی بھی واحد ملکیت کاروبار ہے جس نے 2014 سے 2018 کے درمیان 33 لاکھ 90 ہزار روپے کی وصولی ظاہر کیں اور کوئی انکم ٹیکس ادا نہیں کیا تاہم ان کے بینک میں 6 ارب 61 کروڑ روپے کی رقم موجود تھی۔
دستاویز کے مطابق عبدالنافع چاول اور خشک میوہ جات کی ہول سیل کا کاروبار کرتے اور کاروبار میں رقوم کی منتقلی کے لیے مختلف بینکوں میں کئی بینک اکاؤنٹس ہیں ایک اندازے کے مطابق اس کیس میں تقریباً 3 ارب 60 کروڑ روپے کا ٹیکس چوری کیا گیا۔
