ملک کے پسماندہ علاقوں کو ترقی دیں گے
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم تمام دائیں اور بائیں بازوں کے گروپوں سے مفاہمت اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کریں گے لیکن کرپشن کرنے والوں سے کبھی مفاہمت نہیں کریں گے۔
میانوالی میں منصوبوں کا افتتاح اور یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان کاکہنا تھا کہ اگر آج میں وزیر اعظم ہوں تو میانوالی کے کارکنان کی وجہ سے ہی بنا ہوں۔وزیر اعظم کا کہنا تھا جب ہمارے پانچ سال مکمل ہوں گے میانوالی میں اتنی ترقی ہوگی کہ کسی دور میں نہیں ہوئی ہوگی، اس کی ایک وجہ ہے یہ بھی کہ آپ تب میرے ساتھ جب میرے ساتھ کوئی نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے وعدہ کیا تھا کہ اللہ جب موقع دے گا میں اپنی کارکردگی سے یہ احسان اتاروں کروں گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جو علاقے پیچھے رہ گئے ہیں کہ ان کے لیے کام کریں گے، یہاں کبھی ترقی نہیں کی گئی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میری پوری کوشش ہے کہ جو علاقے پیچھے رہ گئے ہیں یہاں پانچ سالوں میں سب سے زیادہ ترقی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نمل یونیورسٹی میرے زیادہ اخراجات سے بن رہی ہے، اور اس میں سارے پاکستان سے شہری پڑھنے آئیں گے۔
میانوالی کے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ہے اور مہنگائی کی وجہ کورونا ہے، کورونا کی وجہ سےعالمی سطح پر تجارت متاثر ہوئی ہے، یہ دنیا کا مسئلہ ہے، 1982 کے بعد امریکا کی تاریخ میں سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مہنگائی ابھی بھی کم ہے ، لیکن بد قسمتی سے برآمد شدہ چیزوں کی قیمتوں میں اضافے سے پاکستان میں مہنگائی میں اضافہ ہوا۔
وزیر اعظم نے ریلیف منصوبوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے احساس راشن پروگرام اور کامیاب نوجوان پروگرام کا ذکر کیا جس میں انہوں نے کہا کہ کم آمدن والے افراد کو راشن پر ریلیف ، بلاسود قرضے اور صحت کارڈ کی سہولیات کے حوالے سے آگاہ کیا۔انہوں نےکہا کہ پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ پیسہ ہم نوجوانوں کی تعلیم پر خرچ کر رہے ہیں، حکومت 62 لاکھ لوگوں کو اسکالر شپ دے گی۔
عمران خان نے کہا کہ میں نے آپ سے وعدہ کیا تھا کہ پاکستان ایک خودمختار ملک بنے گا، پاکستان اپنے فیصلے خود کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم تمام گروپوں سے مفاہمت اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کریں گے،لیکن کرپشن کرنے والوں سے کبھی مفاہمت نہیں کریں گے، اور میری حکومت ان کو کبھی این آر او نہیں دے گی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہر مہذب معاشرہ اپنے چوروں کو جیلوں میں ڈالتا ہے ان سے معاہدہ نہیں کرتا، جو چوروں سے معاہدے کرتے ہیں وہ معاشرے ہمیشہ ناکام رہتے ہیں۔ان کامزید کہنا تھا کہ ہم دو نظریے پر پاکستان کو ترقی دیں گے وہ نظریے قانون کی حکمرانی اور فلاحی ریاست کے اصول ہیں، کوئی طاقت اس ملک کو عظیم قوم بننے سے نہیں روک سکتی۔
وزیراعظم نے کہا کہ کورونا وائرس کے عالمی وبا میں پاکستان نے جس کارکردگی کا مظاہرہ کیا وہ دنیا کے سامنے ہے۔اس موقع پر وزیر اعظم نے میاں والی کے پہاڑوں علاقوں میں ٹیوب ویل اور دیگر منصوبے بنانے کا اعلان بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ میانوالی کے شہری بلدیاتی انتخابات میں اپنا ووٹ دیں۔
