او آئی سی کی مکہ پر حوثی حملوں کی شدید مذمت

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے مکہ مکرمہ پر حوثیوں کے گھناؤنے حملوں اور سعودی عرب کے خلاف جارحیت کی شدید مذمت کی ہے۔
او آئی سی کے جنرل سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہےکہ ان حملوں سے بےگناہ شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا،مقدس مقامات اور مساجد کا تقدس پامال ہوا اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔
بیان میں کہاگیا کہ مقدس مقامات،مساجد اور شہری تنصیبات کےخلاف حوثی ملیشیا کی کارروائیاں ایسی دہشت گردی ہیں جو اسلامی اقدار،بین الاقوامی اصولوں اور قانون کے منافی ہیں۔
وزیراعظم کی مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی شدید مذمت
اسلامی تعاون تنظیم نے کہا کہ مقدس مقامات کے تقدس کی خلاف ورزی ایک ناقابل قبول اور ناقابل برداشت اقدام ہے، جس کا ارتکاب کرنےوالوں کی حوصلہ شکنی کرنا اور ایسے اقدامات کا راستہ روکنا ضروری ہے۔
او آئی سی نے سعودی عرب کےساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتےہوئے کہاکہ ریاض کی جانب سے اپنی سلامتی،خود مختاری اور مقدس مقامات کے تحفظ کےلیے کیے جانےوالے اقدامات کی حمایت کی جاتی ہے۔
