حوثی حملوں سے علاقائی امن و استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہیں : پاکستان

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ حوثی حملوں سے علاقائی امن و استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہیں، پاکستان حوثی حملوں کے خلاف سعودی عرب کے دفاعی اقدامات کی مکمل حمایت کا اعلان کرتا ہے۔
یمن کی صورت حال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے یمن کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔
عاصم افتخار احمد نےکہا کہ باب المندب کے گرد حوثی حملوں کا پھیلاؤ سنگین کشیدگی کا باعث ہے،یمن کی بگڑتی صورت حال انتہائی خطرناک مرحلے میں داخل ہوچکی ہے،فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔
پاکستان کے مستقل مندوب نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب پر حوثیوں کے تمام حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے،حوثی حملوں کے عالمی معیشت اور توانائی کے تحفظ پر بھی سنگین اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
وزیراعظم کی مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی شدید مذمت
انہوں نے کہاکہ اہم بحری گزرگاہوں کو خطرے میں ڈالنے یا بطور ہتھیار استعمال کرنے کے عالمی تجارت اور توانائی کے تحفظ پر سنگین اثرات ہوں گے۔
عاصم افتخار نے واضح کیاکہ پاکستان سعودی عرب کی خود مختاری،علاقائی سالمیت اور سلامتی کی مکمل حمایت کرتا ہے،پاکستان سعودی عرب کے اپنے دفاع کے جائز حق کی بھی مکمل حمایت کرتاہے۔
انہوں نے کہا کہ یمن میں کشیدگی میں کمی،مذاکرات اور سیاسی تصفیے کےلیے مخلصانہ کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے،یمن میں جامع سیاسی تصفیہ پائیدار امن اور علاقائی استحکام کی بنیاد بن سکتا ہے۔
