وزیراعظم کی مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی شدید مذمت

 

 

 

وزیر اعظم شہباز شریف نے مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی گھناؤنی کوشش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتےہوئے اسے ناقابل معافی قراردیا اور کہاکہ حرمین الشریفین کے تحفظ کےلیے پوری قوم سعودیہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ مسجد حرام، مکۃ المکرمہ کے مقدس مقام پر ہونےوالے بزدلانہ اور گھناؤنے ڈرون حملے کی کوشش کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اس اشتعال انگیز اور افسوسناک اقدام پر دکھی اور شدید تشویش میں مبتلا ہیں،اس قابل مذمت اور ناقابلِ معافی کارروائی کے نتیجے میں ہمارےدلوں میں جو گہرا دکھ،کرب اور اضطراب پیدا ہوا ہے،اسے بیان کرنے کےلیے الفاظ ناکافی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم سعودی مسلح افواج کی غیر معمولی مستعدی،شجاعت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتےہیں جنہوں نے فوری کارروائی کرتےہوئے اس خطرے کا مقابلہ کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ میں ایک بار پھر تمام فریقین سے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے اور مزید کشیدگی کے دہانے سے پیچھےہٹنے کی اپیل کرتا ہوں،ہمارا خطہ پہلے ہی تنازعات کی بہت بھاری قیمت ادا کرچکا ہے،پائیدار امن کے حصول کےلیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہے۔

مکہ مکرمہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والا حوثی ڈرون تباہ

انہوں نے کہا کہ پاکستان برادر اسلامی ملک سعودی عرب کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے ساتھ ساتھ حرمین شریفین کی سلامتی اور تقدس کے تحفظ کےلیے پوری ثابت قدمی کے ساتھ سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، یہ ایسا فریضہ ہےجسے ہر پاکستانی اپنے دل کے انتہائی قریب رکھتا ہے۔

 

Back to top button