مکی آرتھر نے ذکا اشرف کیخلاف لب کشائی کردی

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ڈائریکٹر مکی آرتھر نے عہدہ چھوڑنے کے بعد سابق چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف کیخلاف پہلی بار لب کشائی کر دی۔
ایک ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے بعد ہم لاہور واپس آگئے، ہم نے آسٹریلوی دورے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی، ہم نے تو ٹیم اور کمبی نیشن کے بارے میں بھی سوچ لیا تھا لیکن جب پاکستان پہنچے تو یہاں مکمل خاموشی تھی، ذکا اشرف ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لینا چاہتے تھے، میں نے، گرانٹ بریڈ برن اور منیجر ریحان الحق نے انہیں پریزینٹیشن دی۔
سابق ٹیم ڈائریکٹر نے مزید کہا ہے کہ ریویو کے اجلاس میں وقفہ آیا، میں نے ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ سے لاجسٹک پر بات کی لیکن میں حیران تھا کہ اس ریویو میں اتنی بریک کیوں آگئی ہے، اس دوران مجھے کان میں آہستہ سے بتایا گیا کہ ذکا اشرف مجھے اکیلے میوزیم میں ملنا چاہتے ہیں، ذکا اشرف نے بہت سوالات پوچھے اور پھر کہا کہ ہم سپورٹ سٹاف اور کپتان کو ہٹانے جا رہے ہیں۔
