مہوش حیات نے طارق فتح کے ہوش ٹھکانے لگادئیے

اداکارہ مہوش حیات نے پاکستان مخالف بھارت میں مقیم کینیڈین صحافی طارق فتح کو پاکستانی پولیو ورکرز کی غلط عکاسی کرکے پاکستان کا نام بدنام کرنے پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کھری کھری سنادیں، طارق فتح سوشل میڈیا پر اکثر و بیشتر پاکستان کے خلاف بیانات جاری کرتے رہتے ہیں جس پر انہیں صارفین کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑتا۔
طارق فتح نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں ایک خاتون دو خواتین پولیو ورکرز پر چلاتے ہوئے کہہ رہی تھی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلائے گی کیوں کہ پولیو کے قطرے پینے سے اس کے بچے بیمار ہوجاتے ہیں بعد ازاں اس خاتون نے پولیو ورکرز کے منہ پر دروازہ بند کردیا تھا۔


اس ویڈیو کے ساتھ انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘پاکستانی ماں نے دو پولیو ورکرز کے ساتھ برا سلوک اختیار کرتے ہوئے ان کے منہ پر دروازہ بند کردیا اور کہا کہ وہ کبھی اپنے بچوں کو پولیوں کے قطرے نہیں پلائیں گی’۔
البتہ طارق فتح اس بات سے لاعلم نظر آئے کہ جو ویڈیو انہوں نے شیئر کی وہ حقیقی نہیں بلکہ 2018 میں ریلیز ہونے والی لالی وڈ کی فلم ‘لوڈ ویڈنگ’ کی ہے، جس میں اداکارہ مہوش حیات انسداد پولیو ورکر بنی ہیں۔
اس پر صارفین نے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا مذاق بھی اڑایا۔
ایک صارف نے لکھا کہ ‘وہ اتنے احمق ہیں، یہ معلوم ہی نہیں کہ یہ فلم لوڈ ویڈنگ کا سین ہے’۔
جب کہ ایک صارف نے ایک اور ویڈیو بھی شیئر کردی جس میں اس سین کی شوٹنگ کی جارہی ہے۔


جہاں صارفین نے طارق فتح کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا وہیں اداکارہ مہوش حیات بھی اس معاملے پر خاموش نہ رہ سکیں۔
اداکارہ نے اپنی ٹوئٹ میں طارق فتح پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ‘آپ کا شکریہ کہ آپ نے اپنی رائے کا اظہار کیا البتہ کچھ بھی پوسٹ کرنے سے قبل اگلی بار ذرائع کی تصدیق ضرور کرلیں، یہ میری فلم ‘لوڈ ویڈنگ’ کا ایک سین ہے، سین میں موجود پولیو ورکر میں ہوں اور دوسری بھی ایک اداکارہ ہے، اس فلم کے ذریعے ہم پولیو کے مسائل پر لوگوں میں شعور لانے کی کوشش کررہے تھے’۔
مہوش حیات نے مزید لکھا کہ ‘پر یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ہماری پرفارمنس اتنی حقیقی تھی کہ آپ بھی اسے سچ ماننے پر مجبور ہوگئے’۔
ایک صارف نے لکھا طارق فتح ٹوئٹر پر نہ صرف غلط بیانی کرتے ہیں بلکہ منفی سوچ بھی پھیلاتے ہیں، مہوش نے بہت اچھا کیا۔
جب کہ ایک صارف نے مہوش حیات کی جانب سے طارق فتح کو اتنا بہترین جواب دینے پر کہا کہ مہوش کو اسی بات پر تمغہ امتیاز ملاہے۔
یاد رہے کہ ‘لوڈ ویڈنگ’ 2018 میں سامنے آئی تھی جس میں مہوش حیات کے ساتھ فہد مصطفیٰ نے مرکزی کردار نبھایا۔
اس فلم کی ہدایات نبیل قریشی نے دی تھی جب کہ فضا علی مرزا نے اس فلم کو پروڈیوس کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button