میاں، بیوی میں جھگڑے عام بات ہیں، لیکن تشدد نہیں ہو سکتا

ٹی وی اداکارہ اقرا عزیز کے شوہر معروف اداکار اور ہدایت کار یاسر حسین نے اداکارہ علیزے سلطان پر انکے سابق شوہر فیروز خان کے مبینہ تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میاں اور بیوی میں لڑائی اور جھگڑے عام بات ہیں لیکن دونوں کی جانب سے ایک دوسرے کو جانوروں کی طرح مارنا اور پیٹنا کسی طور بھی جائز نہیں ہے۔ یاسر حسین نے علیزے پر تشدد کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد ان کی حمایت میں کی گئی انسٹا گرام پوسٹ میں لکھا کہ وہ اپنی بیوی اور بیٹے سے بہت پیار کرتے ہیں، یاسر حسین نے لکھا کہ اگر وہ اپنی بیوی پر ہاتھ اٹھائیں گے تو اس بات کے 90 فیصد امکانات ہیں کہ ان کا بیٹا بھی اپنی بیوی کیساتھ یہی عمل دہرائے گا۔

اداکار نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ میاں اور بیوی کے لڑائی اور جھگڑے ہونا معمول کی بات ہے لیکن ان دونوں کی جانب سے ایک دوسرے کو جانوروں کی طرح مارنا اور پیٹنا نارمل نہیں ہے، انہوں نے واضح کیا کہ وہ گھریلو تشدد کے سخت خلاف ہیں، پھر چاہے تشدد کرنے والا کوئی سپر سٹار ہو یا عام آدمی لیکن وہ اس کے خلاف ہیں، یاسر حسین نے علیزے کی حمایت کرتے ہوئے ان کیلئے دعا بھی کی کہ ان کی مشکلات آسان ہوں اور ان کی زندگی میں سکون آ جائے۔

یاسر حسین نے اپنی پوسٹ کے ساتھ اہلیہ اداکارہ اقرا عزیز کے ہمراہ تصویر بھی شیئر کی اور ان کی پوسٹ پر مداحوں نے کمنٹس کرتے ہوئے ان کی بات سے اتفاق کیا اور لکھا کہ لوگ اسی لیے ہی یاسر حسین کو پسند کرتے ہیں کہ وہ گھریلو تشدد کے خلاف ہیں، یاسر سے قبل بھی متعدد شوبز شخصیات نے علیزے پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے ان کے سابق شوہر فیروز خان پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا۔
علیزے سلطان پر تشدد کی تصاویر دو دن قبل وائرل ہوئی تھیں، جس کے بعد متعدد شوبز شخصیات نے ان کی حمایت میں فیروز خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا، علیزے کی تصاویر ایک ایسے وقت میں وائرل ہوئیں جب کہ کچھ دن قبل ہی انہوں نے خود پر تشدد کی تصاویر کراچی کی مقامی عدالت میں دوران مقدمہ پیش کی تھیں، علیزے اور فیروز خان کے درمیان بچوں کی حوالگی کا کیس مقامی عدالت میں زیر سماعت ہے۔

دونوں نے گزشتہ ماہ 21 ستمبر کو طلاق کی تصدیق کی تھی، اس سے قبل دونوں کے درمیان گزشتہ دو سال سے اختلافات کی چہ مگوئیاں چل رہی تھیں، علیزے اور فیروز خان نے 2018 میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں 2019 میں پہلے بیٹے جب کہ 2022 کے آغاز میں دوسری بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔ یاد رہے کہ فیروز خان معروف اداکارہ حمائمہ ملک کے بھائی ہیں اور دونوں تبلیغی جماعت سے وابستہ مولانا طارق جمیل کے پیروکار ہیں۔

Back to top button