میرے خاندان پر زمین تنگ کردی گئی ہے

مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء حنیف عباسی نے کہا ہے کہ میرے خاندان پر زمین تنگ کردی گئی ہے، پیٹ پر پتھر باندھیں گے لیکن ہمت نہیں ہاریں گے، میری دوائی کو منشیات بنا دیا گیا، نوازشریف اور ن لیگ کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء حنیف عباسی نے نیب پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نوازشریف کا ساتھ اور ن لیگ کبھی نہیں چھوڑوں گا۔
مدینہ میں بیٹھا تھا تو پیغام آیا واپس مت آنا لیکن پھر بھی میں واپس آگیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے خاندان پر زمین تنگ کردی گئی ہے، پیٹ پر پتھر باندھیں گے لیکن ہمت نہیں ہاریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میری دوائی کو منشیات بنا دیا گیا۔ نیب والے پوچھ رہے ہیں کہ ڈی ڈی ایس سی اور اے بی ایس کیا ہے؟ نیب مجھے 10مرتبہ بلائے میں 10مرتبہ آؤں گا، اب نیب نے 27 اگست کو بلایا ہے۔
واضح رہے نیب لاہور میں رواں ہفتے اہم پیشیاں ہوں گی، نیب نے راحیل احمد صدیقی سابق پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی پنجاب کو بھی آج کو دوبارہ طلب کر لیا، نیب کی جانب سے دیا گیا سوالنامہ کے جوابات بھی جمع کرانے کی ہدایت کی گئی، نیب وزیراعلی پنجاب کے خلاف نجی ہوٹل کو خلاف ضابطہ شراب کے لائسنس کے اجراء کے حوالے سے تحقیقات کر رہا ہے، نیب نے لیگی رہنما حنیف عباسی کو بھی آج 17 اگست کو طلب کر لیا ہے۔
نیب لاہور کی جانب سے لیگی رہنما کو 20 سوالوں پر مشتمل سوالنامہ بھی ارسال کیا ہے، حنیف عباسی کو تمام سوالات کے جوابات کے ہمراہ پیش ہونے کی بھی ہدایت کی گئی ہے، تحریک انصاف کے ایم پی غظنفر عباس چھینا کو 17 اگست کو نیب لاہور میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے اور نیب لاہور نے تحریک انصاف کے غظنفر عباس چھینہ اور ملک کرامت کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
مسلم لیگ ن اور شریف خاندان کے ایک اور رہنما کو بھی نیب نے طلب کر لیا ہے، مریم نواز کے ماموں زاد بھائی محسن لطیف کو بھی نیب لاہور نے 17 اگست کو طلب کر لیا ہے، محسن لطیف کو اوقاف کی زمین دینے کے کیس پر طلبی کے نوٹس بھی موصول ہوگیا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، ایل ڈی اے اور اوقاف کے افسران بھی اس انکوائری میں شامل ہیں، نیب لاہور نے تحریک انصاف کے صوبائی وزیر انصر مجید نیازی کو طلب کر لیا ہے، وزیر لیبر کو 19 اگست کو نیب میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، انصر مجید نیازی کے خلاف غیر قانونی ٹرانسفر پوسٹنگ اور تقرریوں کا الزام ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button