میشا شفیع کی بینظیر بھٹو سے مماثلت کا دعویٰ کرنے پر دھلائی

اداکارہ میشا شفیع نے بینظیر بھٹو شہید کے ساتھ مماثلت کا دعویٰ تو کر دیا لیکن ایسا کرنا انہیں مہنگا پڑ گیا اور انہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ اداکارہ نے جیسے ہی انسٹا گرام پر اپنی تصویر بینظیر بھٹو شہید جیسا شادی کا لباس پہنے ہوئے شئیر کی، سوشل میڈیا صارفین نے ان کی دھلائی کرنا شروع کر دی۔
یاد رہے کہ گلوکار علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام لگا کر شہرت حاصل کرنے والی میشا شفیع نے 20 دسمبر کو بینظیر بھٹو اور آصف زرداری کی شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ان کے ساتھ اپنی شادی کی تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔ گلوکارہ نے بینظیر بھٹو کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ انہیں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی شادی کی تصاویر دیکھ کر احساس ہوا کہ اہنی شادی پر وہ بینظیر بھٹو جیسی ہی لگ رہی تھیں۔ میشا شفیع کو اپنی شادی کی تصویر میں بینظیر بھٹو جیسا عروسی لباس پہنے اور میک اپ کیے دیکھا جا سکتا ہے۔
اداکارہ میشا شفیع کے مطابق وہ جب بھی بینظیر بھٹو کی تصاویر دیکھتی ہیں، انہیں اپنی شادی کے دن یاد آ جاتے ہیں، کیونکہ دونوں میں شادی کے دن کی تصاویر میں غیر معمولی مشابہت دکھائی دیتی تھی۔ میشا کی پوسٹس اور تصاویر کو مختلف سوشل میڈیا پیجز نے بھی شیئر کیا، لیکن جہاں کچھ لوگوں نے انہیں بینظیر سے مشابہہ قرار دیا، وہیں سوشل میڈیا صارفین کی اکثریت نے ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میشا زبردستی خود کو سابق وزیر اعظم سے مشابہہ قرار دے رہی ہیں حالانکہ دونوں کی تصاویر میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ عام لوگوں کے علاوہ پیپلز پارٹی کے کئی ہمدردوں نے بھی میشا کی حرکت پر سخت تنقید کی اور کہا کہ بے نظیر بھٹو اپنے نام کی طرح بے نظیر بھٹو تھیں اور ان جیسی کوئی اور نہیں ہو سکتی۔
بعض لوگوں نے میشا شفیع پر تنقید کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا ایک گلوکارہ کا بے نظیر بھٹو شہید جیسی عظیم شخصیت کے ساتھ موازنہ کرنا بنتا ہے بعض افراد نے لکھا کہ بینظیر بھٹو ایک آئیکون تھیں اور گلوکارہ ان سے مشابہت رکھنے کا سوچیں بھی نہ، نہ ہی ان کا لباس سابق وزیر اعظم جیسا نظر آتا ہے۔
کچھ افراد نے میشا شفیع کا نام لیے بغیر کمنٹس کیے کہ کوئی بھی بی بی بینظیر جیسا نہیں ہو سکتا اور نہ ہی کوئی ان کے لیول تک پہنچ سکتا ہے۔ کچھ صارفین نے میشا شفیع کے دعوے پر حیرانگی کا اظہار بھی کیا اور لکھا کہ خدا ایسے جھوٹ بولنے والوں کو معاف کرے۔
میشا شفیع کی جانب سے بینظیر بھٹو کی شادی کی تصاویر شیئر کیے جانے سے قبل بی بی کی صاحبزادی بختاور بھٹو نے اہنے والدین کی شادی کی سالگرہ کے موقع پر 18 دسمبر کو ان کی شادی کا کارڈ شیئر کیا تھا۔بینظیر بھٹو شہید اور آصف زرداری کی شادی 18 دسمبر 1987 کو کراچی کی ککری گراونڈ میں منعقد ہوئی تھی۔

Back to top button