ایران-امریکا کشیدگی: پاکستان کی تحمل اور مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کی اپیل

مشرقِ وسطیٰ میں ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ فریقین اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے اپنے وعدوں کی پاسداری کریں، کیونکہ خطے میں کسی نئے تنازع کا آغاز کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں فریقین سے تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو خطے کے امن و استحکام کو مزید متاثر کرسکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق خطے میں پائیدار امن کےلیے مسلسل رابطے، مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد مؤثر راستہ ہیں۔ متعلقہ فریق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
ایران کی جوابی کارروائی: کویت، بحرین میں امریکی فوجی اڈوں پر حملے
دفتر خارجہ نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت باہمی احترام، افہام و تفہیم اور مشترکہ خوش حالی کے فروغ کےلیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔
ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی کے خاتمے کےلیے اپنا مثبت اور تعمیری کردار جاری رکھے گا اور قیامِ امن کےلیے ہر ممکن تعاون فراہم کرتا رہےگا۔
