ترکیہ میں غیر قانونی افغان باشندوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 24 گرفتار

ترکیہ نے غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 24 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
دنیا کے مختلف ممالک میں غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ ترکیہ میں بھی گرفتاریوں کی نئی لہر سامنے آئی ہے۔ یورپ کی جانب غیر قانونی انسانی سمگلنگ سکیورٹی اداروں کے لیے ایک اہم چیلنج بنتی جا رہی ہے۔
افغان انٹرنیشنل کے مطابق ترک حکام نے غیر قانونی طور پر ترکیہ سے یورپ جانے کی کوشش کرنے والے 24 افغان شہریوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد میں 7 خواتین اور 6 بچے بھی شامل ہیں، جنہیں شہر ادرنہ میں حراست میں لیا گیا۔
افغان میڈیا کے مطابق ترک پولیس نے افغان شہریوں کی غیر قانونی نقل و حمل میں مبینہ طور پر ملوث بس ڈرائیور کو بھی گرفتار کیا ہے۔ ترک مائیگریشن ایجنسی کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران رہائشی دستاویزات نہ ہونے پر 16 ہزار 436 افغان شہریوں کو حراست میں لیا گیا۔
قبل ازیں پولینڈ کے حکام نے بھی غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہونے والے 15 افغان باشندوں کو گرفتار کرنے کی اطلاع دی تھی۔
خواتین زیادتی کیس، ڈار کے نواسے کو بچانے کیلئے کوششیں تیز
برطانوی نشریاتی ادارے کی سابقہ رپورٹس کے مطابق طالبان حکومت کی سخت گیر پالیسیوں اور سکیورٹی خدشات کو افغان شہریوں کی غیر قانونی نقل مکانی کی اہم وجوہات میں شمار کیا جاتا ہے۔ حالیہ گرفتاریاں اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ مختلف ممالک غیر قانونی امیگریشن کے خلاف اپنی کارروائیاں مزید سخت کر رہے ہیں۔
