می ٹو مہم کے خلاف بنا ڈرامہ ‘لاپتہ’ تنقید کی زد میں


ہم ٹی وی کا نیا ڈرامہ لاپتا، ایک خاتون کی جانب سے مرد پر جنسی ہراسانی کا جھوٹا الزام عائد کرنے اور سوشل میڈیا کے ذریعے بلیک میل کرنے کی دھمکی پر مبنی سین کی وجہ سے تنقید کی زد میں آگیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین بالخصوص می ٹو مہم سے تعلق رکھنے والی شخصیات اس کانسیپٹ کی وجہ سے ڈرامے کو ہدف تنقید بنا رہے ہیں اور یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ یہ ڈرامہ خواتین کی جانب سے اپنے ساتھ ہونے والی جنسی ہراسانی کے خلاف کھل کر بولنے سے متعلق عالمگیر مہم می ٹو کو گنڈا اور بدنام کرنے کی سازش کا حصہ ہے۔
کئی سوشل میڈیا صارفین کے بعد پاکستان میوزک انڈسٹری کی معروف گلوکارہ میشا شفیع نے بھی مقبول ترین اداکارہ عائزہ خان کے نئے ڈرامے کے خلاف آواز اُٹھا دی ہے۔میشا شفیع نے نجی ٹی وی چینل سے نشر ہونے والے پاکستانی ڈرامے ’لاپتا‘ کے ایک سین میں خواتین کو بلیک میلنگ اور ہراساں کرنے کو مردوں کے خلاف منفی حربے کے طور پر استعمال کرتے ہوئے دکھانے پر شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔ میشا نے اپنے انسٹاگرام پر خصوصی اسٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اس ڈرامے کی کہانی ناگوار ہے۔ اس کہانی کو آگے بڑھانا انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور پریشانی کا باعث ہے۔ اس سے قبل پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی نے بھی ڈرامہ سیریل ’لاپتا‘ کے اس سین پر شدید دُکھ کا اظہار کیا تھا۔
خیا ل رہے کہ ہم ٹی وی سے نشر ہونے والے ڈرامہ سیریل ’لاپتا‘ کے ایک سین میں اداکارہ عائزہ خان کو گیتی کےکردارمیں کچھ پیسے بچانے کے لیے دکاندار کو بلیک میل کرتے دکھایا گیا ہے۔ انسٹاگرام پر ڈرامہ سیریل لاپتا سے وائرل ہونے والی ویڈیو کلپ میں ڈرامے کا وہ منظر دکھایا گیا ہے جس میں عائزہ خان ایک دکان پر سودا لینے جاتی ہیں۔ سودا ادھار کرنے کی ضد پر دکان دار ان سے تلخ بات کرتا ہے جس کے بعد عائزہ خان دکان دار کو دھمکی دیتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’ابھی آپ سوشل میڈیا کی پاور کو جانتے نہیں۔ اس کے ساتھ ہی وہ موبائل سے ویڈیو بناتے ہوئے دکان دار پر الزامات لگانا شروع کر دیتی ہیں اور اسی بنیاد پر دکان دار سے پیسے کم کروا کا ادھار برقرار رکھنے میں کامیاب ہو جاتی ہیں۔سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس کلپ کی بنیاد پر ڈرامہ سیریل ’لاپتا‘ کی کہانی کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ایک ٹوئٹر صارف میسی نے لکھا کہ ’میں نے عائزہ خان کے ڈرامے کا وہ کلپ دیکھا ہے جس میں وہ مفت چیزیں لینے کے لیے دکان دار پر ناحق الزام لگا رہی ہیں، یہ کیسا معاشرہ ہے خدا کا واسطہ ہے یہاں پہلے ہی کوئی ہراسیت کے واقعات پر یقین نہیں کرتا آپ ایسے عوام کو اور آسمان پر چڑھا دیں۔
موجودہ حالات کے تناظر میں صارفین کا کہنا ہے کہ ’معاشرے میں زیادہ تر لوگوں کو ویسے ہی ہراساں کرنے کے واقعات کا یقین نہیں آتا، اگر ڈراموں میں بھی اس طرح کی کہانیاں دکھائیں گے تو معاشرہ بہتری کی طرف جانے کے بجائے مزید بدحال ہوتا جائے گا۔‘
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مشہور اداکارہ سارہ خان اور عائزہ خان کی ڈرامہ سیریل لاپتہ کو ہم ٹی وی پر ہر بدھ کے روز رات کو 8 بجے نشر کیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر لاپتہ پر گرما گرم بحث و مباحثہ اور گفت و شیند جاری ہے کیونکہ نہ صرف اس ڈرامے کی کاسٹ میں شامل اداکار عوام میں بے حد مقبول ہیں بلکہ اس کے ایک سین میں ٹک ٹاکر کا رول نبھانے والی گیتی یعنی عائزہ خان کی جانب سے ایک مرد پر جنسی ہراسانی کا جھوٹا الزام لگانے کی وجہ سے بعض حلقے بالخصوص می ٹو مہم کے سپورٹرز اس پر شدید تنقید کرتے نظر آتے ہیں۔ مومنہ درید کی پیشکش ڈرامہ سیریل لاپتہ کی کاسٹ میں اداکارہ عائشہ خان، سارہ خان، اداکار علی رحمان اور گوہر رشید مرکزی کرداروں میں جلوہ گر ہوئے ہیں۔ ڈرامے میں عائزہ خان، سارہ اور علی رحمان کے مابین روایتی محبت کی مثلث دکھائی گئی ہے۔ ڈرامے کی کہانی فلک، شمس اور گیتی نامی 3 کزنز سے متعلق ہے جبکہ فلک کا کردار سارہ خان ادا کررہی ہیں جو تعلیم اور کھیل کے میدانوں میں یکساں اوراچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتی نظر آئیں گی۔فلک کو اپننے کزن شمس سے محبت ہے جس کا کردار علی رحمان ادا کر رہے ہیں جو جوئے کا عادی شخص ہے جس کے خواب تو بڑے ہیں لیکن آمدنی کم ہے جبکہ گیتی ایک ٹک ٹاکر ہے۔ ٹک ٹاکر کا یہ کردار عائزہ خان ادا کررہی ہیں جو مختلف گیتوں پر ویڈیوز بنا کر انہیں سوشل میڈیا پراپ لوڈ کرتی ہے۔ گوہر رشید حسب معمول اس ڈرامے میں بھی ایک منفی کردارمیں نظرآئے ہیں۔اس ڈرامہ سیریل لاپتہ کی تحریر و ہدایات خضر ادریس نے دی ہیں جو ورنہ، سپر اسٹار اور زندگی تماشا جیسی فلمز کرچکے ہیں۔

Back to top button