نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری
لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کر دیا گیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے ، وزیراعظم عمران خان کی جانب سے تقرری کی منظوری دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تھوڑی دیر قبل ہی ون ٹو ون ملاقات کی جس کے دوران ملک کی داخلی سیکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم کے منظور کر دہ نوٹیفیکیشن کے مطابق آئی ایس آئی کے موجودہ ڈی جی 19 نومبر تک بطور ڈائریکٹر جنرل انٹرسروسز انٹیلیجنس اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے ، آئی ایس پی آر کے اعلان کے 20 روز بعد نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم ، چیف آف لاجسٹک اسٹاف جی ایچ کیو لیفٹیننٹ جنرل ثاقب محمود ملک اور کمانڈر سدرن لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کے نام وزارت دفاع کی سمری میں تجویز کیے گئے۔
اس سے قبل میڈیا پر یہ خبریں زیر گردش رہیں کہ ڈی جی آئی ایس آئی کے تقرر سے متعلق وزارت دفاع کی جانب سے سمری وزیراعظم ہاؤس پہنچ چکی ، اس ضمن میں سرکاری سطح پر باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کا انتظار ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے آرمی چیف کی ملاقات علیحدگی میں ہوئی ، بعد میں ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس (ڈی جی آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی ملاقات میں شامل ہوگئے تھے ، ملاقات میں ملک کی داخلی اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
