ناصر بٹ اور کن اہم شخصیات کی ویڈیوز لیک کرنے والا ہے؟


سابق وزیراعظم نواز شریف کو سزا سنانے والے احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک اپنی مبینہ اعترافی ویڈیو لیک ہونے کے بعد عہدے سے فارغ ہو چکے تاہم یہ ویڈیو بنانے والے لیگی رہنما ناصر بٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے پاس اور کئی دھماکے دار خفیہ ویڈیوز اور آڈیوز بھی موجود ہیں جن کو وہ مناسب وقت پر لیک کر سکتے ہیں۔
ناصر بٹ کا دعویٰ ہے کہ ان کے پاس موجود ویڈیوز اور آڈیوز میں کئی اہم ترین عسکری اور عدالتی شخصیات کو میاں نواز شریف کے ساتھ روا رکھے جانے والے متعصبانہ رویے کا برملا اعتراف کرتے دیکھا اور سنا جاسکتا ہے۔ تاہم ناصر بٹ نے یہ نہیں بتایا کہ وہ ان ویڈیوز کو کب منظر عام پر لائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ناصر بٹ کے پاس موجود دیگر ویڈیوز اور آڈیوز کا دورانیہ اڑھائی گھنٹے سے زیادہ ہے۔ اہم ترین بات یہ ہے کہ ان ویڈیوز اور آڈیوز کی صداقت پر کسی قسم کا کوئی سوال نہیں اٹھایا جا سکتا کیونکہ انہوں نے ایک بڑے برطانوی ادارے سے ان کی فرانزک جانچ بھی کروا رکھی ہے جس سے ثابت ہو چکا ہے کہ یہ آڈیوز اور ویڈیوز اصل ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس چھ جولائی کو نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنے والد کو سزا سنانے والے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو میڈیا کے سامنے پیش کر کے سیاست کے ایوانوں میں کھلبلی مچا دی تھی جس کے بعد یہ ثابت ہو گیا کہ نواز شریف کو سزا دی نہیں گئی تھی بلکہ دلوائی گئی تھی۔ اس ویڈیو میں جج ارشد ملک کو لیگی رہنما ناصر بٹ کے ساتھ گفتگو کے دوران یہ برا اعتراف کرتے ہوئے دیکھا اور سنا جاسکتا ہے کہ انہوں نے مقتدر قوتوں کے دباؤ پر نواز شریف کو سزا سنائی جس کی وجہ سے سے ان کا ضمیر ہر وقت انہیں ملامت کرتا رہتا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ کسی طرح نواز شریف تک ان کا یہ پیغام پہنچا دیا جائے کہ میں آپ کو بے بنیاد مقدمے میں سزا سنانے کے بعد انتہائی شرمندہ ہوں۔

احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی یہ خفیہ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد مسلم لیگ نون کا بیانیہ مزید مضبوط ہو گیا تھا کہ نواز شریف کو اقتدار سے باہر کرنے کے لیے فوجی اسٹیبلشمنٹ نے جج کو بلیک میل کرکے گھناؤنا کھیل کھیلا۔ اسی ویڈیو کی بنیاد پر جج ارشد ملک کو لاہور ہائیکورٹ نے مس کنڈکٹ کا قصور وار ٹھہراتے ہوئے بطور جج نوکری سے فارغ کر دیا۔ ارشد ملک کا کیریئر برباد کرنے کے بعد ناصر بٹ نے مقتدر حلقوں کے ایما پر سیاسی قائدین کے خلاف سازشیں کرنے والے دیگر اہم عسکری، عدالتی اور خفیہ اداروں کے کرداروں کو بھی منظر عام پر لانے کی دھمکی دی ہے۔ لندن میں مقیم لیگی رہنما ناصر بٹ کا دعوی ہے کہ ارشد ملک کی خفیہ ویڈیو کے علاوہ بھی ان کے پاس دیگر کی عسکری اور عدالتی شخصیات کی اعترافی ویڈیوز اور آڈیوز موجود ہیں جنہیں مناسب وقت پر منظر عام پر لایا جائے گا۔ تاہم ناصر بٹ نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کب ان ویڈیوز کو لیک کریں گے۔

بہرحال ناصر بٹ کا دعویٰ ہے کہ یہ ویڈیوز ارشد ملک کی ویڈیو سے بڑا دھماکہ کریں گے اور سب کو معلوم ہو جائے گا کہ پاکستانی سیاست میں کون سا گندہ کھیل کھیلا جا رہا ہے اور اس کے پیچھے کون سے پس پردہ ہاتھ کار فرما ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button