ناظم جوکھیو قتل کیس،غیر ملکیوں کو شامل کرنے کی استدعا

غیر ملکیوں کو شکار سے روکنے اور ویڈیو بنانے پر ناظم جوکھیو کے قتل کے کیس میں مقامی عدالت نے ملیر میمن گوٹھ میں 3 ملزموں کو 16 نومبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا جبکہ دو غیرملکیوں کو بھی مقدمے میں شامل کرنے کی استدعا کی گئی۔

ملیر میمن گوٹھ میں غیر ملکیوں کو شکار سے روکنے اور وڈیو بنانے پر ناظم جوکھیو کے قتل کے کیس کی کراچی ملیر کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو سماعت ہوئی۔ پولیس کے مطابق گرفتار مزید تین ملزموں کو عدالت میں پیش کیا گیا ہے جن میں رزاق، معراج اور جمال شامل ہیں۔

عدالت مین تفتیشی افسر نے موقف اپنایا کہ ملزموں نے ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ناظم جوکھیو کو دھمکیاں دی تھیں۔ مقدمے میں اغوا کی دفعہ کا بھی اضافہ کر دیا گیا ۔ ایم این اے جام عبدالکریم اور ایم پی اے جام اویس سمیت مقدمہ میں 16 ملزمان نامزد ہیں ، مقدمہ میں 5 دیگر نامعلوم افراد بھی شامل ہیں۔

عدالت کی جانب سے 3 ملزمان کو 16 نومبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے ، مقدمہ میں مجموعی طور پر 21 ملزموں کو شامل کیا گیا ہے ، مقدمے میں اب تک ممبر صوبائی اسمبلی جام اویس سمیت 6 ملزم گرفتار ہیں۔

مقتول ناظم جوکھیو کا موبائل فون اور خون آلود کپڑے تاحال پولیس نے برآمد نہیں کئے ہیں۔ تفتیشی افسر نے تاحال مقدمے میں دفعہ 109 اور شواہد چھپانے کے دفعات شامل نہیں کی ہیں۔

Back to top button