توہین عدالت : سپریم کورٹ‌ کا چیف سیکرٹری پر اظہار برہمی

پنجاب کے بلدیاتی اداروں کی عدم بحالی سے متعلق توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے چیف سیکریٹری پر اظہاربرہمی کرتے ہوئے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کرلی۔پنجاب کے بلدیاتی اداروں کی عدم بحالی پرحکومت پنجاب کے خلاف توہین عدالت کیس کی چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔

چیف جسٹس نے چیف سیکریٹری پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ایسے آئے ہیں جیسے لنچ یا ڈنر کرنے آئے ہوں۔چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آپ کو یا آپ کی جماعت کو پسند نہ ہو پھر بھی عمل کرنا ہے، آپ تو سیکریٹری یونین کونسل نہیں لگ سکتے آپ کو چیف سیکرٹری کس نے لگایا ، چیف جسٹس نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا آپ کو جیل بھیج دیں گے، ساری عمر جیل میں رہوگے ، بتائیں عدالتی حکم پر 7 ماہ بعد کیا ہوا؟

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ایک ہفتے بعد رپورٹ دیکھ کر فیصلہ کریں گے کہ چیف سیکرٹری کا کیا کرنا ہے،عدالت نے چیف سیکریٹری پنجاب سے عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کرنے سے متعلق ایک ہفتے میں تفصیلی رپورٹ طلب کیا اورمقدمے کی سماعت بھی ایک ہفتے تک ملتوی کردی۔

Back to top button