نواز شریف اور مریم نواز جنیوا روانہ ، ایک ہفتے قیام متوقع

مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز جنیوا روانہ ہو گئے، دونوں مسلم لیگ (ن) کے رہنما جنیوا میں تقریباً ایک ہفتہ قیام کریں گے۔
سابق وزیر اعظم کی جنیوا میں معالج سے بھی ملاقات متوقع ہے، نواز شریف کے ساتھ خاندان کے مزید دو افراد بھی جنیوا گئے ان کی وہاں چند ذاتی ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، وزیراعظم پاکستان اور ان کے بھائی شہباز شریف بھی اتوار کو جنیوا پہنچ رہے ہیں۔
نواز شریف اور شہباز شریف کی جنیوا میں ملاقات متوقع ہے، وزیراعظم پاکستان اقوام متحدہ کی ڈونر کانفرنس میں شرکت کیلئے جنیوا کا دورہ کریں گے، اقوام متحدہ کے زیراہتمام پاکستان ڈونرز کانفرنس 9 جنوری کو جنیوا میں ہو رہی ہے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا ہے کہ مریم نواز شریف جنوری کے تیسرے ہفتے میں وطن واپس آئیں گی۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مریم اورنگزیب نے مریم نواز کی واپسی کا وقت بتاتے ہوئے کہا کہ مریم نواز سرجری کے لئے لندن سے جنیوا روانہ ہوگئی ہیں، قائد مسلم لیگ ن نواز شریف بھی مریم نواز کے ساتھ ہیں، مریم نواز جنوری کے تیسرے ہفتے میں وطن واپس پہنچ کر پارٹی کی چیف آرگنائزر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کلائمیٹ کانفرنس کی سربراہی کے لئے 9 جنوری کو جنیوا روانہ ہوں گے، ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی سینئر ترین قیادت کی ملاقات جنیوا میں متوقع ہے۔
