نورمقدم کیس:ٹی وی فوٹیج کا ٹرانسکرپٹ‌عدالت میں جمع

استغاثہ نے نورمقدم قتل کیس میں سی سی ٹی وی فوٹیج کا ٹرانسکرپٹ سیشن کورٹ میں جمع کرا دیا جس میں رواں برس کے آغاز میں اسلام آباد کے ایک گھر میں خاتون کے قتل سے قبل کے واقعات کی منظر کشی کی گئی ہے۔

نور مقدم قتل کیس کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا ٹرانسکرپٹ استغاثہ کی جانب ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی کی عدالت میں جمع کرایا گیا ہے ، ٹرانسکرپٹ کے مطابق ڈی وی آر کیمرے کا وقت پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم سے 35 منٹ آگے ہے۔

مقتولہ نور مقدم 18 جولائی کو رات 10 بجکر 18 منٹ پرفون سنتے ملزم ظاہر ذاکر جعفر کے گھر داخل ہوئیں۔19 جولائی رات 2 بجکر 39 منٹ پر ظاہر جعفر اور نور مقدم بیگ لے کر گیٹ سے نکلتے نظر آتے ہیں۔

نور مقدم انتہائی گھبراہٹ اور خوف میں ننگے پاﺅں 2 بجکر 41 منٹ پر گیٹ کی طرف بھاگ کر آتی ہیں جبکہ چوکیدار افتخار مقتولہ کے باہر آنے پر گیٹ کو بند کردیتا ہے۔

ظاہر جعفر اس دوران گھر سے جلدی میں گیٹ پر آ کر نورمقدم کو دبوچ لیتا ہے ، اس موقع پر نور مقدم مرکزی ملزم کی منت سماجت کرتے بھی دکھائی دیتی ہے۔

ظاہر جعفر اس کی پرواہ کیے بغیر نور مقدم کو زبردستی کھینچ کر گھر کے اندر لے جاتا ہے ، رات 2 بجکر 46 منٹ پر ظاہر جعفر اور نور مقدم گھر سے نکل کر مین گیٹ پر آتے ہیں اور دونوں گیٹ سے باہر گلی میں سامان والی ٹیکسی میں بیٹھ کر چلے جاتے ہیں۔

سی سی ٹی وی فوٹیج کی ٹرانسکرپٹ کے مطابق رات 2 بجکر 52 منٹ پر ظاہر جعفر اور نور مقدم بیگ لیکر اس گھر میں مین گیٹ سے داخل ہوتے ہیں،20 جولائی کو شام 7 بجکر 12 منٹ پر نور مقدم فرسٹ فلورسے چھلانگ لگا کر گراﺅنڈ فلور کی گیلری کے ساتھ لگے جنگلے پر گرتی نظر آتی ہے۔

نور مقدم باہر جانا چاہتی ہے مگر گیٹ پر چوکیدار افتخار اور مالی گیٹ بند کرتے نظر آتے ہیں اور اس دوران ظاہر جعفر گھر کے فرسٹ فلور کے ٹیرس سے چھلانگ لگا کر گراونڈ فلور پر آتا ہے۔

ٹرانسکرپٹ کے مطابق 20 جولائی 8 بجکر 6 منٹ پر تھراپی ورکس کی ٹیم گھر کے گیٹ سے اندر آتی ہے، تھراپی ورک کی ٹیم 8 بجکر 42 منٹ پر گھر کے اندر داخل ہونے کی کوشش کرتی نظر آتی ہے۔علاوہ ازیں ٹرانسکرپٹ کے مطابق 8 بجکر 55 منٹ پر تھراپی ورکس کی ٹیم ایک زخمی کو گھر سے باہر گیٹ کی طرف لے جاتے نظر آتے ہیں۔

Back to top button