نگران وزیراعظم نے اسرائیل کاہسپتال پرحملہ غیرانسانی فعل قراردیدیا

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کا غزہ میں ہسپتال کو نشانہ بنانا غیر انسانی فعل ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے دورہ چین کے دوران بیجنگ میں منعقدہ تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کی جہاں انہوں نے عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں بھی کی ہیں۔
وزیراعظم نے غزہ میں ہسپتال پر حملے اور فلسطینیوں کی شہادت کو انسانیت سوز اور انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی قرار دیا اور نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی حملوں کی بھرپور مذمت کی۔
انوار الحق کاکڑ نے فوری جنگ بندی کے ساتھ ساتھ متاثرین تک مدد کی ترسیل پر زور دیا، وزیر اعظم نے اقوام متحدہ اور عالمی قوتوں سے فوری طور پر فلسطینیوں کے قتل عام کو روکنے کیلئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر انوارالحق کاکڑ نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے ہسپتال پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، جس میں متعدد شہریوں کی ہلاکتیں ہوئیں، ہسپتال کو نشانہ بنانا غیر انسانی فعل ہے۔
