نگراں وزیراعظم کون؟ تاحال فیصلہ کیوں نہ ہو سکا؟

نگراں وزیراعظم کون ہوگا اور اس کی تقرری کب کی جائے گی؟ یہ سوال پارلیمنٹ اور ٹاک شوز میں گزشتہ ایک ماہ سے ہر روز دہرایا جا رہا ہے، بہت سے نام سامنے آئے تاہم ابھی تک کوئی بھی نام فائنل نہ ہو سکا۔ تاہم پاکستان کی 15ویں قومی اسمبلی کو وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر صدر مملکت عارف علوی نے تحلیل کر دیا ہے جس کے بعد نگراں وزیراعظم کے تقرر کا حتمی مرحلہ شروع ہو چکا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف اور قائد حزب اختلاف راجہ ریاض کے درمیان گذشتہ روز ملاقات ہونی تھی جو آج ہوگی۔ اس ملاقات میں نگراں وزیراعظم کے لیے مختلف ناموں پر مشاورت کی جائے گی۔حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مثالی تعلقات کو سامنے رکھتے ہوئے یہ توقع کی جا رہی تھی کہ قومی اسمبلی تحلیل ہونے سے پہلے ہی نگراں وزیراعظم کا اعلان کر دیا جائے گا۔ اس حوالے سے متعدد نام زیرِ گردش تھے، لیکن حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے کسی بھی حتمی نام کے بارے میں تصدیق سامنے نہیں آئی۔

وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کے درمیان ملاقات دو مرتبہ موخر ہو چکی ہے۔ بظاہر اس ملاقات کو قائد حزب اختلاف کی مصروفیات کے باعث موخر کیا جا رہا ہے۔ لیکن قومی اسمبلی کے آخری اجلاس میں وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف بیک وقت قومی اسمبلی میں موجود رہے۔ اس کے علاوہ بھی پارلیمنٹ میں ہوتے ہوئے دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات نہیں ہو سکی۔بعض حلقوں کی جانب سے اب تک سامنے آنے والے ناموں پر حکمران اتحاد میں شامل جماعتوں میں اختلافات بتائے جا رہے ہیں۔ تاہم حکمران اتحاد میں شامل جماعتوں کی جانب سے کھل کر کسی بھی نام کے بارے میں کوئی بات نہیں کی گئی۔ سوائے اس کے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا نام کچھ روز قبل جب وزارت عظمیٰ کے لیے سامنے آیا تو پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں نے اس پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

اب تک مقامی میڈیا میں جن شخصیات کے نام وزارت عظمیٰ کے لیے سامنے آئے ہیں۔ ان میں جلیل عباس جیلانی، حفیظ شیخ ، جسٹس ریٹائرڈ تصدق جیلانی، جسٹس ریٹائرڈ خلیل الرحمن رمدے، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، فواد حسن فواد اور کچھ دیگر نام بھی شامل ہیں۔ لیکن کسی بھی حکومتی اور اپوزیشن جماعت کی جانب سے کسی بھی نام کے بارے میں کسی قسم کی تصدیق سامنے نہیں آئی تاہم میڈیا میں گذشتہ روز سے جلیل عباس جیلانی کو فیورٹ امیدوار قرار دے رہا ہے۔ ان کے خارجہ سروسز کے سابق ساتھی اور سابق سفیر عبدالباسط نے انھیں ٹویٹ کے ذریعے وزیر اعظم تقرری کی مبارکباد بھی دے دی ہے۔

اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کا موقف ہے کہ ’ہم مشاورت سے ایسی شخصیت کا نام دیں گے جو سب کے لیے قابل قبول ہوگا۔‘ دوسری جانب قائد حزب اختلاف راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ نگراں حکومت کے لیے مہنگائی اور دیگر چیلنجز بڑے سخت امتحان ہوں گے اس لیے سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں گے۔گذشتہ سولہ ماہ کے حکومت اور اپوزیشن کے تعلقات کو سامنے رکھا جائے تو اب تک نام سامنے آ جانا چاہیے تھے، لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔ اس حوالے سے حکومت کا موقف ہے کہ اس سلسلے میں کئی دنوں سے مشاورت جاری ہے۔ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری مسلسل رابطے میں ہیں، جبکہ دیگر اتحادی اور اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کے لیے وزیراعظم نے تین مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دے رکھی ہیں۔

تاہم باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعظم کے حوالے سے مشاورت صرف نواز شریف، آصف زرداری، شہباز شریف، بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز تک محدود ہے۔ ان کے علاوہ ان جماعتوں کی دیگر قیادت آگاہ نہیں ہے۔اس معاملے پر ن لیگی رہنما کے متعدد بیانات بھی سامنے آئے جن میں خواجہ آصف نے بھی گذشتہ روز یہ کہا تھا کہ اب تک جو نام سامنے آئے ہیں ان کے علاوہ بھی کسی شخصیت کو بطور نگراں وزیراعظم تقرر کیا جا سکتا ہے۔خیال رہے کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد نگراں وزیراعظم کے تقرر کا طریقہ تبدیل ہو چکا ہے جس کے تحت سب سے پہلے قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف ایک دوسرے کو تین تین نام بھجواتے ہیں۔ دونوں ان پر مشاورت کرتے ہیں۔آئین کے مطابق اگر قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کے درمیان اتفاق نہیں ہوتا تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جائے گا جہاں حکومت اور اپوزیشن کی برابر نمائندگی ہوگی۔

کمیٹی بھی اگر کسی نام پر متفق نہیں ہوتی تو وہ دو یا تین نام الیکشن کمیشن کو بھجوا دے گی جو ان ناموں میں سے کسی ایک کو وزیراعظم مقرر کر دے گا۔اٹھارویں ترمیم کے بعد سے اب تک دو مرتبہ یہ معاملہ درپیش آیا ہے۔ پہلی مرتبہ قائد ایوان راجہ پرویز اشرف اور قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان اور بعد ازاں پارلیمانی کمیٹی میں اتفاق رائے نہ ہونے کے باعث الیکشن کمیشن میں پہنچا۔ الیکشن کمیشن نے میر ہزار خان کھوسو کو نگراں وزیراعظم تقرر کیا۔دوسری متربہ قائد ایوان شاہد خاقان عباسی اور قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کے درمیان ہی اتفاق رائے ہو گیا تھا۔ دونوں نے ایک پریس کانفرنس میں جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک کو ملک کا نگراں وزیراعظم تعینات کرنے کا اعلان کیا۔تاہم اب نگراں وزیراعظم کے نام تجویز کرنے میں حکومت نے سستی کا مظاہرہ کیا ہی ہے، اپوزیشن کی جانب سے بھی کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی۔ اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا ہے کہ انہوں نے نگراں وزیراعظم کے لیے 3 نام فائنل کر لیے ہیں تاہم اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت تک نہیں کی گئی ہے۔

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی رہنما و سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا کے مطابق ہمارے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے ہم سے نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت تک نہیں کی۔ پہلے ہم سے نگراں وزیراعظم کے نام مانگے گئے اور پھر رابطہ ہی نہیں کیا گیا۔ راجہ ریاض نے خود سے نام فائنل کر لیے ہیں ہمیں بتانا بھی گوارا نہیں کیا۔جماعت اسلامی کے رکن اسمبلی مولانا اکبر چترالی نے کہا کہ جماعت اسلامی کو نگراں وزیراعظم کی مشاورت میں سرے سے شامل ہی نہیں کیا گیا، نگراں وزیراعظم کے نام کا فیصلہ پہلے ہو چکا ہے، راجہ ریاض سے پوچھتا کون ہے۔ راجہ ریاض صرف میڈیا پر آنے کے لیے مشاورتی اجلاس کر رہے ہیں، یہ خوش ہو جائیں گے کہ ان کی وزیراعظم سے ملاقات ہو گئی ہے اور انہوں نے اپنے دستخط سے نگراں وزیراعظم کے نام تجویز کیے ہیں۔

Back to top button