نگراں وزیراعظم کیلئے نامزد انوار الحق کاکڑ کون ہیں؟

نگران وزیراعظم کیلئے نامزد سینیٹر انوار الحق کاکڑ کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے تاہم حالیہ دنوں میں وہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قریب آ گئے تھے، ان کی سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے ساتھ مسلم لیگ ن میں شمولیت کی خبریں بھی گرم تھیں، جون میں دونوں نے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف سے ملاقات بھی کی تھی۔
سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے 2008 میں پہلی بار پاکستان مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر کوئٹہ سے قومی اسمبلی کا انتخاب لڑا مگر کامیاب نہ ہو سکے، اس کے بعد وہ ن لیگ میں شامل ہوگئے، 2015 میں نواب ثناء اللہ زہری کے دور میں حکومت بلوچستان کے ترجمان بنے تاہم دسمبر 2017 میں انہی کی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک میں پیش پیش رہے۔
اس کے بعد عبدالقدوس بزنجو چھ ماہ کے لیے وزیراعلٰی رہے تو ان کی کابینہ میں انوار الحق کاکڑ مشیر برائے اطلاعات رہے، انوار الحق کاکڑ مارچ 2018 میں مسلم لیگ ن کی حمایت سے آزاد حیثیت سے چھ سال کے لیے سینیٹر منتخب ہوئے تاہم اسی مہینے وہ مسلم لیگ ن سے منحرف ہونے والے اس گروپ کا حصہ بن گئے جنہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی کی بنیاد رکھی، انوار الحق کاکڑ بی اے پی کے مرکزی ترجمان مقرر کیے گئے، تجزیہ کار جلال نورزئی کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی کی تشکیل کا آئیڈیا خالصتاً انوار الحق کاکڑ کا تھا، جام کمال کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے بعد ’باپ‘ پارٹی میں اختلافات پیدا ہوگئے تو انہوں نے صادق سنجرانی اور عبدالقدوس بزنجو کی بجائے جام کمال کا ساتھ دیا تھا۔
سینیٹر انوار الحق کاکڑ کافی عرصہ بیرون ملک بھی رہے، 2007 میں برطانیہ سے واپسی پر کوئٹہ کے معروف سرینا ہوٹل سے سیاست کا آغاز کیا، اپنا دفتر بھی اسی ہوٹل میں قائم کر رکھا تھا، نامزد نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا تعلق بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ مسلم باغ سے ہے، انوار الحق کاکڑ کا تعلق پشتونوں کے معروف کاکڑ قبیلے سے ہیں انہیں مادری زبان پشتو کے علاوہ اردو، براہوی اور انگریزی زبانوں پر عبور حاصل ہے۔آپ نے ابتدائی تعلیم کوئٹہ کے نجی سکول سے حاصل کرنے کے بعد یونیورسٹی آف بلوچستان سے پولیٹیکل سائنس میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی، اس کے علاوہ انوارالحق کاکڑ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی سیکورٹی ورکشاپ کا بھی حصہ رہے ہیں، سینیٹر انوار الحق کاکڑ بلوچستان سے منتخب ہونے والے دوسرے نگران وزیراعظم ہوں گے، اس سے قبل میر ہزار خان کھوسہ بھی نگران وزیراعظم کے منصب پر رہ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سینٹیر انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیر اعظم نامزد کر دیا ہے، وزیراعظم کی سمری پر صدر مملکت نے دستخط کر دئیے ہیں۔انوارالحق کاکڑ نے یونیورسٹی آف بلوچستان سے پولیٹیکل سائنس اور سوشیالوجی میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی ،انوارالحق کاکڑ بلوچستان حکومت کے ترجمان بھی رہے ہیں، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی سمندر پار پاکستانیز کے چئیرمین بھی ہیں، انہوں نے 2008 میں مسلم لیگ ق کی ٹکٹ سے کوئٹہ سے قومی اسمبلی کی نشست پر انتخاب لڑا، انوار الحق کاکڑ کیڈٹ کالج کوہاٹ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں۔
