ن لیگی جلتے توے پر لیٹ گئے ہیں

سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن والے جلتے توے پر لیٹ گئے ہیں، وفاقی سطح پر ان کا کھیل ختم ہو چکا ہے، وزارت اعلیٰ کے مقابلے سے ہٹا نہیں، کیوں کہ انتخاب تو ہوا ہی نہیں، یہ تو کہیں اسٹینڈ ہی نہیں کرتے کیوں کہ حمزہ کا تو حلف بھی نہیں ہوا۔
پنجاب میں ان کو سرپرائز دیں گے جیسے پہلے سرپرائز دئیے تھے، ن لیگ کی ٹکٹ اب فلم کی ٹکٹ بن گئی ہے، اور یہ فلم بھی فیل ہے۔پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ کبھی ایسا نہیں ہوا کہ پولیس اسمبلی کے اندر گھسے اور کارروائی ہاتھ میں لے، ہمارے پاس برطانوی ہائی کمشنر آئے تو انہوں نے بتایا کہ انگلینڈ میں سو سال پہلے ایسا واقعہ ہوا تھا۔
لیکن وہاں پر بادشاہ نے آکر معافی مانگی اور جتنے چھلانگ مار کر آ ئے وہ سارے قتل ہوگئے، حمزہ نے مجھ پر حملہ کرایا، اس کے برعکس جب اسے تکلیف ہوئی تو میں نے اس کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے، عمران خان سے میرا جھگڑا یہی تھا وہ کہتے تھے حمزہ کو اجازت نہ دو۔
چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ ہمارا شریفوں سے اس وقت بھی اچھا برتاؤ رہا جب یہ لوگ مشرف سے لڑ کر بھاگے تھے، ہم اب پیچھے ہٹے ہیں کیونکہ ان کے خاندان کے اندر سے حقیقت معلوم ہوگئی تھی، ہمیں معلوم ہوا کہ نوازشریف نے کہا ہے کہ ان کو وزارت اعلیٰ صرف سونگھائیں گے، اللہ تعالیٰ نے ان کو بے نقاب کرنا تھا اور شریفوں کی اصلیت دوبارہ سامنے آگئی، عمران خان واحد آدمی ہے جس نے کہا آپ وزیراعلیٰ بنیں اور پھر قائم رہے۔

Back to top button