ن لیگ نے حکومت سے بیک ڈور رابطوں کی سختی سے تردید کر دی

مسلم لیگ ن کے رہنما اور نواز شریف اور مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے مسلم لیگ ن کے حکومت سے بیک ڈور رابطوں کی تردید کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹویٹر پر اپنے پیغام میں محمد زبیر نے کہا کہ مریم نواز واضح کہہ چکی ہے کہ حکومت سے باہر جانے کی درخواست نہیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے کوئی بیک ڈور رابطے نہیں ہو رہے، فواد چوہدری بیک ڈور رابطوں سے متعلق ڈھٹائی سے جھوٹ بول رہے ہیں۔ قبل ازیں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ٹویٹر پیغام میں دعویٰ کیا تھا کہ مریم نواز لندن جانا چاہتی ہیں اور اس کےلیے بیک ڈور رابطے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اس درخواست کو مکمل طور پر رد کر دیا، آپ تحریک کا شوق پورا کریں لیکن اس کےلیے آپ کو پاکستان رہنا ہوگا۔
یاد رہے کہ دو روز قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا تھا کہ میرا صحت کا مسئلہ ہے جس کی وجہ سے میری ایک سرجری ہونی ہے جو پاکستان میں نہیں ہو سکتی لیکن میں اس حکومت سے بالکل نہیں کہوں گی کہ میرا نام ای سی ایل سے نکالے، میں انہیں یہ خوشی کبھی نہیں دوں گی۔ مجھے اس ملک سے کہیں نہیں جانا، میرا جینا مرنا اس ملک کے ساتھ ہے، مریم باہر نہیں جائے گی، آپ کو جانا پڑے گا۔ سرجری کی بات کرنے پر یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ مریم نواز نے بیرون ملک جانے کا عندیہ دے دیا ہے جس پر کئی حکومتی نمائندوں نے بھی رد عمل کا اظہار کیا اور کہا کہ مریم نواز بیرون ملک جانا چاہتی ہیں تاہم مسلم لیگ ن نے اس مؤقف کی تردید کر دی ہے۔
