والد کی مخالفت کے باوجود آئمہ بیگ معروف گلوکارہ کیسے بنیں؟

معروف گلوکارہ آئمہ بیگ نے انکشاف کیا ہے کہ جب انہوں نے گلوکاری کی جانب آنے کا فیصلہ کیا تو انہیں گھر والوں کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا اور ان کے والد تو اتنے ناراض ہوئے کہ انہوں نے مجھ سے صاف کہہ دیا کہ اگر تم نے یہ کام کرنا ہے تو اپنے نام سے بیگ ہٹا دو، لہٰذا میں نے ایسا ہی کیا۔
آئمہ بیگ نے بتایا کہ ان کے والد خود بھی اچھا گاتے تھے۔ جب میں نے انہیں میوزک انڈسٹری سے وابستہ ہونے کا بتایا تو وہ سخت ناراض ہو گئے اور مجھے اپنے نام سے بیگ ہٹانے کا کہہ دیا۔ ایک ٹی وی شو کے دوران آئمہ بیگ نے بتایا کہ ان کے والد نے ان کو گلوکارہ بننے کے لیے خرچہ پانی دینے سے بھی انکار کر دیا تھا لیکن میری والدہ نے میری طرف داری کی اور والد کو سمجھایا کہ آپ ایک بار اس کا گانا سنیں، یہ اچھا گاتی ہے۔ آئمہ کا کہنا تھا کہ چونکہ ان کے والد خود بھی گانا گانے کا بے حد شوق رکھتے تھے، چنانچہ جب انہوں نے میرا گانا سنا تو بولے کہ بچی میں کچھ تو بات ہے۔
لہٰذا انہوں نے مجھے میوزک انڈسٹری جوائن کرنے کی اجازت دے دی۔ واضح رہے کہ آئمہ بیگ گزشتہ دنوں مردوں پر تنقید کی وجہ سے کافی خبروں میں رہیں، انہوں نے بیان دیا تھا کہ انہیں اپنی زندگی گزارنے کے لیے کسی مرد کی ضرورت نہیں ہے۔
شادی سے متعلق سوال پر گلوکارہ کا کہنا تھا کہ اب ان کی مردوں کے حوالے سے کوئی توقعات نہیں ہیں لیکن چاہتی ہوں کہ جو بھی ان کی زندگی میں آئے وہ انسان کا بچہ ہو اور زندگی بھر ان کا ساتھ دینے والا ہو۔ آئمہ نے کہا کہ مجھے اب اپنی زندگی میں کسی مرد کی ضرورت نہیں ہے لیکن اس کے باوجود اگر کوئی شخص زندگی میں آگیا تو اسے ایک بونس تصور کروں گی۔ بصورت دیگر مجھے کسی مرد کی ضرورت نہیں ہے نہ ہی اس حوالے سے کچھ سوچنے کی ضرورت ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ زندگی میں ان کا کرش کون ہے تو آئمہ بیگ کا کہنا تھا کہ اب میرا نارمل لوگوں پر کرش نہیں ہوتا۔ میں ہالی وڈ کی فلمیں دیکھتی ہوں اور اب وہاں کے اداکاروں پر ہی میرا کرش ہوتا ہے، لیکن میرا خیال ہے کہ میں نے میوزک سے ہی شادی کر لی ہے۔
واضح رہے کہ 2022 میں آئمہ نے شہباز شگری کے ساتھ منگنی کا اعلان کیا تھا تاہم یہ تعلق زیادہ عرصہ نہ چل سکا اور رواں برس ستمبر میں آئمہ نے یہ رشتہ ختم ہونے کی تصدیق کر دی تھی۔
