وزیراعظم سے آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کی ملاقات

وزیر اعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات میں سانحہ مچھ کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں کا عزم کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی، جس میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔ملاقات میں قومی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں سانحہ مچھ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس بات کا عزم کیا گیا کہ واقعے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی گفتگو کی گئی جبکہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیز فائر کی بھارتی خلاف ورزیوں پر بھی غور کیا گیا۔


واضح رہے کہ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران وزیر اعظم اور آرمی چیف کی یہ دوسری ملاقات ہے، جو سانحہ مچھ کے تقریباً دس روز بعد سامنے آئی ہے۔3 جنوری کو بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں کوئلے کی کان میں کام کرنے والے 10 کان کنوں کو قتل کردیا تھا، جو کوئٹہ کے ہزارہ ٹاؤن کے رہائشی تھے۔واقعے کے بعد ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر اپنے پیاروں کی میتیں رکھ کر احتجاج شروع کردیا تھا۔انتہائی سرد موسم میں منفی درجہ حرارت کے دوران خواتین، بچوں سمیت ہزاروں افراد اس احتجاج میں شریک تھے، جو مسلسل چھ روز جاری رہا۔مظاہرین کا مختلف مطالبات کے ساتھ ساتھ ایک مطالبہ یہ بھی ہے کہ وزیراعظم کے آنے تک وہ اپنے پیاروں کی تدفین نہیں کریں گے۔تاہم بعد ازاں حکومت اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے تھے جس کے بعد میتوں کی تدفین کردی گئی اور اگلے روز وزیر اعظم نے کوئٹہ پہنچ کر لواحقین سے ملاقات کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button