وزیراعظم عمران خان سے لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی ملاقات

کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے وزیراعظم ہائوس میں عمران خان سے ملاقات کی ، عمران خان آئندہ چند روز کے اندر نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے تقرر کی باضابطہ منظوری دینگے۔
سرکاری طور پر اس ملاقات کے متعلق کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے ، خیال کیا جا رہا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی بطور نئے ڈی جی آئی ایس آئی تقرری کا نوٹیفکیشن آئندہ چند دن میں متوقع ہے ،
ذرائع نے مزید بتایا کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم واحد تھری سٹار جنرل ہیں جنہوں نے بدھ کے روز وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی ۔
ایک ہفتے کے دوران نئے ڈی جی آئی ایس آئی اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے جبکہ ملک کی اعلیٰ انٹیلی جنس ایجنسی کے موجودہ سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بحیثیت کور کمانڈر پشاور اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے 6 اکتوبر کو فوج میں اعلیٰ عہدوں پر اہم تبدیلیوں کا اعلان کیا گیا جس میں لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کی بطور ڈی جی آئی ایس آئی تقرری بھی شامل ہے۔
