وزیراعظم ہائوس کو آرمی چیف کی تعیناتی کیلئے6 ناموں کی سمری موصول

وزیر اعظم ہائوس کو 6 ناموں پر مشتمل آرمی چیف کی تقرری کیلئے سمری موصول ہوگئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تعیناتی کے لیے 6 سینئر ترین جنرلز کے ناموں پر مشتمل سمری بھیج دی گئی ہے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’جی ایچ کیو نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) اور چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) کے انتخاب کے لیے سمری بھیج دی ہے‘۔بیان میں کہا گیا کہ ’6 سینئر ترین لیفٹیننٹ جنرلز کے ناموں پر مشتمل سمری وزارت دفاع کو بھیج دی گئی ہے‘۔
جیو نیوز نے باخبرذرائع کے حوالے سے بتایا کہ سمری میں 6 سینیئر ترین افسران کے نام شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ سمری میں سب سے پہلا نام لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کا ہے جبکہ دوسرا لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد کا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سمری میں لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کا نام شامل ہے۔
واضح رہے کہ جی ایچ کیو کی جانب سے بھیجی جانے والی سمری پر حکومت مشاورت کے بعد فیصلہ کرے گی اور ان میں سے کسی ایک نام کا بطور آرمی چیف انتخاب کرے گی اور پھر سمری کو منظوری کیلیے صدر مملکت عارف علوی کو بھیجا جائے گا۔
دوسری جانب حکومت نے اہم تعیناتی اور دیگر ملکی سیاسی صورت حال پر غور کرنے کے لیے اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس 23 نومبر کی شام طلب کر لیا ہے، جس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔
اس سے قبل جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں سینئر صحافی انصار عباسی نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس کو نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے سمری موصول ہوگئی ہے اور تمام سینئر جنرلز کے نام شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ سمری میں اس وقت پاک فوج کے سینئرترین 6 جنرلز کے نام دیے گئے ہیں اور وزیراعظم ان میں سے انتخاب کریں گے۔
پاک فوج میں اس وقت 6 سینئر ترین جنرلز میں لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر، لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا، لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر شامل ہیں۔
بعد ازاں وزیردفاع خواجہ آصف نے ٹوئٹر پر تردید کرتے ہوئے کہا کہ سمری موصول نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ’وزیراعظم کو ابھی سمری موصول نہیں ہوئی، ان شااللہ سمری کی وزیراعظم آفس میں وصولی کی تصدیق وقت پر کی جاۓ گی‘۔
قبل ازیں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے 24 گھنٹوں میں پیش رفت ہوگی۔جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزدہ کے ساتھ‘ میں میزبان کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے 24 گھنٹوں میں پیش رفت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ 24 گھنٹوں میں آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق سمری اور دیگر اقدامات میں 60 سے 70 فیصد کام مکمل ہوجائے گا۔خواجہ آصف نے تفصیلات سے آگاہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ وہ 48 گھنٹے کا وقت اس لیے دے رہا تھا کیونکہ میں سیاست دان ہوں اور میں گنجائش رکھ کرذمہ داری کے ساتھ بات کروں گا۔
