ولاگر روزی گیبریل ہنزہ میں سیاحوں کے رویے سے نالاں

تین برس قبل موٹر سائیکل پر پاکستان میں داخل ہونے والی کینیڈین ولاگر روزی گیبریل نے پاکستان کے سیاحتی مقامات کو کچرے سے آلودہ کرنے کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔
گلگت بلتستان میں واقع وادی ہنزہ جو اپنی خوبصورتی کے باعث سیاحوں کی توجہ مرکز بنی ہوئی ان دنوں کچھ مسائل کا شکار ہے۔ہنزہ جسے مقامی افراد کی جانب سے بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے، کو شہری علاقوں میں رہائش پذیر افراد کی جانب سے چھٹیوں کے لیے ایک بہترین جگہ کے طور پر بھی دیکھا جاتا ہے۔
تاہم وادی ہنزہ میں آلودگی کے مسائل اس وقت سامنے آئے جب حال میں وہاں ایک میوزک فیسٹیول کا انعقاد ہوا تھا۔ینیڈین ولاگر روزی گیبریل اس وقت وادی ہنزہ میں ہیں اور کچھ مقامی افراد نے وہاں موجود کچرے اور آلودگی سے متعلق اپنے خدشات ان سے بیان کیے ہیں اور امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ ان کی مدد کے لیے اپنے پلیٹ فارم کا استعمال کریں گی۔
اس حوالے سے انہوں نے انسٹاگرام پر کچھ تصاویر اور اسکرین شاٹس پر مشتمل ایک طویل پوسٹ شیئر کی اور اسے نارتھ کو صاف رکھیں کا نام دیا۔کینیڈین ولاگر کی پوسٹ میں میوزک فیسٹیول میں جانے والے افرادد کی جانب سے آلودگی پھیلانے کی تصاویر اور مقامی افراد کے ساتھ گفتگو کے اسکرین شاٹس شیئر کیے۔مقامی افراد کی جانب سے سیاحوں کی جانب سے بیہودگی اور آلودگی پھیلانے کی شکایت کی گئی۔انہوں نے شکایت کی کس طرح وادی ہنزہ میں سیاح ‘فحاشی’ اور ‘منشیات کلچر’ پھیلارہے ہیں۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ان چیزوں کو فن و تفریح کی آڑ میں پھیلایا جارہا ہے اور انہیں اپنی اقدار کے متاثر ہونے کا خطرہ درپیش ہے۔
روزی گیبریل نے اس صورتحال پر اپنے خیالات کا بھی اظہار کیا اور لکھا کہ بین الاقوامی سفر کے مواقع محدود ہونے کی وجہ سے لوگ شمالی علاقہ جات جانے پر مجبور ہوئے ہیں لیکن وہ اپنے ساتھ ‘برے رویے، منشیات، فحاشی، ڈانس پارٹیز لارہے ہیں اور بہت زیادہ کچرا پھیلارہے ہیں’۔
انہوں نے پاکستان کے شمالی علاقوں کے سفر سے متعلق اپنا تجربہ بھی بیان کیا اور کہا کہ وہ مقامی سیاحوں سے پریشان ہوئی تھیں اور انہیں دیگر مقام تلاش کرنے پڑے تھے۔
