وہاب ریاض نے بالآخر اپنی غلطی پر معافی مانگ لی

لاہور میں تیز بارش کے بعد پانی سے ڈوبی سڑک پر تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے موٹرسائیکل سواروں پر پانی پھینکنے کے عمل پر وہاب ریاض نے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایسا ’جان بوجھ نہیں کیا تھا۔‘خیال رہے کہ 5 جولائی کو لاہور میں ریکارڈ موسلادھار بارش شہر میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی تھی، کئی شاہراہیں پانی میں ڈوب چکی تھی، سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع رہا، نظام زندگی درہم برہم ہوگیا اور ٹریفک کا نظام بھی شدید متاثر ہوا۔اسی دوران پنجاب کے نگراں وزیر کھیل وہاب ریاض بھی بارش کے بعد سڑکوں کا دورہ کرتے ہوئے دکھائی دیے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سڑک پر بارش کے جمع پانی میں وہاب ریاض تیز رفتاری میں گاڑی چلا رہے ہیں اور پانی کے چھینٹے دوسری گاڑیوں اور موٹرسائیکل سواروں پر لگ رہے ہیں۔ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار خاتون بھی پانی سے شرابور ہوگئی ہیں۔ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے وہاب ریاض کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔صحافی وسیم عباسی کہتے ہیں کہ ’پنجاب کے وزیر اور فاسٹ بولر وہاب ریاض بارش میں اپنا رن اپ بھول گئے ہیں۔‘

رائے ثاقب کھرل نے اپنی ٹویٹ میں وہاب ریاض پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’جیسا میں نے پہلے کہا، وہاب ریاض تو بارش میں انجوائے کرنے نکلا ہوا ہے۔‘’جیپ میں بیٹھ کر لوگوں پر پانی پھینک رہا ہے، عجیب لوگ ہیں کبھی بتیس دانت نکال کر فوٹوز بنواتے ہیں، کبھی رائیڈز انجوائے کرتے ہیں۔‘سفینہ خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’وزیر کھیل وہاب ریاض طاقت کے نشے میں دُھت، راہ گیروں اور موٹر سائیکل والوں پر بارش کا پانی پھینکتے رہے۔‘وقاص امجد کہتے ہیں کہ ’یہ وہاب ریاض لمبے جُوتے پہن کر ایک کیمرہ مین کے ہمراہ ثابت کیا کرنا چاہ رہا ہے؟؟ کوئی عملہ؟ کوئی مشینری؟‘

فیاض شاہ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’وزیر کھیل وہاب ریاض اپنی گاڑی سے لوگوں پر پانی پھینک کر لاہور میں عوامی خدمت کر رہے ہیں۔‘ٹوئٹر ہینڈل آئینہ صاف نے مزاحیہ انداز میں ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے بتایا کہ وہاب ریاض اگر 150 کی سپیڈ سے لاہور میں بارش کے پانی میں گاڑی چلا رہے ہوں تو کیا کرنا چاہیے۔بلال احمد نے میم شیئر کی جس میں وہاب ریاض کے بارش کے بعد کیمرہ ساتھ لے کر گھومنے پر تنقید کی گئی۔مسٹر ضیا نے ہالی وُڈ کے مشہور زمانہ فلم ٹائیٹینک کی میم شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’بس کچھ دیر اور کیٹ، وہاب ریاض پانی نکالنے آتا ہی ہوگا۔‘

کسی صارف نے لکھا کہ ’جب انسان کو عہدہ مل جائے اور وہ عقل سے پیدل ہو تو ایسا ہی کرتا ہے، ’ تو کئی دیگر صارفین نے وہاب ریاض سے معافی کا مطالبہ کیا۔صارفین کی جانب سے سوشل میڈیا پر تنقید اور تبصروں کے بعد وہاب ریاض نے عوام سے مانگ لی۔انہوں نے ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایک سکے کے ہمیشہ دو رُخ ہوتے ہیں، لیکن بدقسمتی سے ہم ہمیشہ غلط پہلو ہی دیکھتے ہیں۔‘وہاب ریاض نے مزید لکھا کہ ’کل جو کچھ بھی ہوا اس کے لیے میں معذرت خواہ ہوں، یہ بالکل غیر ارادی تھا اور اسے غلط انداز میں پیش کیا گیا۔‘انہوں نے ساتھ ہی اپنے مداحوں سے مثبت سوچ کو فروغ دینے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں منفی پروپیگنڈوں سے اپنے ملک کو بدنام نہیں کرنا چاہیے۔

Back to top button