ٹانک : انسداد پولیو ٹیم پر حملہ، پولیس اہلکار شہید
ضلع ٹانک میں مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیو ویکسی نیشن ورکرز کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گیا جبکہ ایک زخمی ہوگیا ، ویکسی نیشن مہم کے ترجمان ایمل خان نے کہا کہ فائرنگ کا واقعہ پولیو کے خلاف پانچ روزہ مہم کے دوسرے روز پیش آیا۔
ویکسی نیشن مہم کے تحت 65 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا رہے ہیں ، ڈی پی او ٹانک سجاد احمد نے کہا کہ موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح ملزموں نے چدرار علاقے میں پولیو ورکرز کو سیکیورٹی فراہم کرنے والی پولیس ٹیم پر فائرنگ کی جس سے ایک کانسٹیبل موقع پر ہی شہید ہوگیا۔
ویکسی نیشن ٹیم کے اراکین کو کوئی جانی نقصان نہیں پہنچا ، کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ترجمان محمد خراسانی نے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: ملک کے پسماندہ علاقوں کو ترقی دیں گے
یاد رہے کہ جمعرات کو ٹی ٹی پی کی جانب سے حکومت کے ساتھ ایک ماہ کی جنگ بندی ختم کرنے کے اعلان کے بعد پہلا حملہ ہے ، حکومت اور ٹی ٹی پی کے درمیان امن مذاکرات کے بعد نومبر میں ایک ماہ کی جنگ بندی کا اعلان کیا گیا۔
واضح رہے کہ دہشتگرد اکثر پولیو ٹیموں اور ان کے ساتھ موجود پولیس اہلکاروں کو ہدف بناتے نظر آتے ہیں ، پاکستان اور پڑوسی افغانستان اب صرف دنیا میں وہ دو ممالک رہ گئے ہیں جہاں پولیو وائرس اب بھی پایا جاتا ہے۔
