ٹی ایل پی کا وزیرآباد سے دھرنا ختم کرنے کا اعلان

حکومت کی جانب سے پابندی ہٹانے کے بعد تحریک لبیک پاکستان نے اپنے مطالبات کے لیے وزیرآباد میں جاری دھرنا ختم کر کے واپس مسجد رحمت اللعالمین جانے کا اعلان کر دیا ، ترجمان ٹی ایل پی نے بیان میں کہا کہ مفتی منیب الرحمان جیسے ہمارے بڑوں سے ضمانت ملنے کے بعد ہم مسجد رحمت اللعالمین واپس جا رہے ہیں ، ٹی ایل پی نے 50 فیصد معاہدہ پورا ہونے پر وزیر آباد دھرنا ختم کیا ہے۔

ترجمان ٹی ایل پی نے بتایا کہ تحریک لبیک پاکستان اپنے معاہدے پر قائم ہے اور اب عرس ‘امیرالمجاہدین’ کی تیاری کی جائے گی جو 19 تا 21 نومبر مرکزٹی ایل پی مسجد رحمت اللعالمین میں ہوگا ، یہ بھی بتایا گیا ہے کہ علامہ حافظ خادم حسین رضوی کے عرس پر علامہ سعد حسین رضوی بھی شرکت کریں گے ، فورتھ شیڈول کو ختم کرنے کیلئے اور فرانسیسی سفیر کی بے دخلی کے حوالے سے کمیٹی کے قیام پر کام شروع ہو چکا ، تمام ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تحریک لبیک کے خون پر کیا گیا معاہدہ مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے معاہدے کے بعد گزشتہ روز ٹی ایل پی پر رواں برس اپریل میں عائد کی گئی پابندی ختم کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا۔ کابینہ ڈویژن کے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ کابینہ نے 6 نومبر 2021 کو داخلہ ڈویژن سے جمع کرائی گئی سمری کا جائزہ لیا جو رولز آف بزنس کے رول 17 ون بی اور 19 ون کے تحت تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے پابندی ہٹانے کے لیے بھیجی گئی تھی۔

Back to top button