آصف علی کی جارحانہ بیٹنگ، افغانستان کو 5 وکٹوں سےشکست

آصف علی کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے ٹی20 ورلڈ کپ میں افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5وکٹوں سے شکست دے دی ہے.
دبئی میں کھیلے گئے سپر12 راؤنڈ کے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو باؤلنگ کی دعوت دی۔دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 147 رنز بنائے اور پاکستان نے مطلوبہ ہدف 19ویں اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر پورا کیا۔
قومی ٹیم کی جانب سے محمد رضوان اور بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا تاہم رضوان صرف 8 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد فخرزمان 30 رنز کی ذمہ دارنہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد حفیظ صرف 10 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔بابراعظم نے ایک اور ذمہ دارنہ اننگز کھیلتے ہوئے 45 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور وہ 51 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے۔ شعیب ملک نے 15 گیندوں پر 19 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کو 12 گیندوں پر 24 رنز درکار تھے جو آصف علی نے ایک ہی اوور میں 4 چھکے لگا کر ہدف پورا کرلیا۔ افغانستان کی جانب سے راشد خان نے 2، نوین الحق، محمد نبی اور مجیب الرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس دوران قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹی ٹوئنٹی میں ایک اور اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ بابراعظم نے اپنی 26ویں اننگز میں بطور کپتان ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین ایک ہزار رنز مکمل کیے جب کہ ویرات کوہلی نے یہ کارنامہ 30 میچوں میں انجام دیا تھا۔
دوسری طرف میچ میں شاہین شاہ آفریدی نے باؤلنگ کا آغاز کیا تو افغانستان کے اوپنرز نے ان کے خلاف دفاعی انداز اپنایا۔پاکستان نے میچ کے دوسرے ہی اوور میں اہم کامیابی حاصل کی اور عماد وسیم نے اوپننگ بلے باز حضرت اللہ زازئی کو چلتا کردیا۔
محمد شہزاد نے شاہین کو چوکا لگایا لیکن ایک گیند بعد دوبارہ اسی کوشش میں بابر اعظم کو آسان کیچ دے بیٹھے۔پاکستان کو جلد ہی ایک اور وکٹ لینے کا بھی موقع ملا لیکن پاکستانی فیلڈرز نے رن آؤٹ کا موقع ضائع کردیا۔پاور پلے کے پانچویں اوور میں بابر اعظم حارث رؤف کو باؤلنگ پر لائے جنہوں نے ایک مرتبہ پھر کپتان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے اصغر افغان کو اپنی ہی گیند پر کیچ کر لیا جنہوں نے 10رنز بنائے۔حارث رؤف نے اس اوور میں 153 کلومیٹر فی گھنٹہ(95میل) کی رفتار سے ٹورنامنٹ کی تیز ترین گیند بھی کرائی۔
حسن علی نے اپنے اسپیل کی پہلی ہی گیند پر کپتان بابراعظم کی مدد سے 10 رنز بنانے والے رحمٰن اللہ گرباز کو چلتا کردیا۔
چار وکٹیں گرنے کے بعد نجیب اللہ زدران اور کریم جنت نے اسکور کو 64 تک پہنچایا لیکن عماد وسیم نے اپنے کوٹے کے آخری اوور کی پہلی گیند پر کریم جنت کی وکٹ حاصل کر لی۔
پانچ وکٹیں گرنے کے بعد کپتان محمد نبی وکٹ پر آئے اور افغانستان نے اپنی حکمت عملی میں تبدیلی کرتے ہوئے سنبھل کر بیٹنگ کرنا شروع کردی اور اس دوران حسن علی نے اننگز کا 12واں اوور میڈن کرایا۔
نجیب اللہ زدران نے شاداب خان کو چھکا لگایا لیکن پاکستانی اسپنر نے بہترین انداز میں میچ میں واپسی کرتے ہوئے اگلی ہی گیند پر انہیں وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔76 رنز پر چھ وکٹیں گرنے کے بعد محمد نبی کا ساتھ دینے گلبدین نائب آئے اور دونوں بلے بازوں نے ٹیم کو سنبھالا دیتے ہوئے ساتویں وکٹ کے لیے 71رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو معقول مجموعے تک رسائی دلائیاننگز کے 18ویں اوور میں افغان بلے باز گلبدین نائب نے حسن علی کے خلاف جارحانہ انداز اپنایا اور ان کے ایک اوور میں 21 رنز بنائے اور پھر حارث رؤف کے اگلے اوور میں 15رنز بٹورے۔
افغانستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 147رنز بنائے، محمد نے 35 گیندوں پر 35 جبکہ گلبدین نائب نے 25 گیندوں پر 35رنز بنائے۔افغانستان نے آخری پانچ اوورز میں کوئی وکٹ گنوائے بغیر 54رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے عماد وسیم دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ حسن علی، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے ایک، ایک وکٹ لی۔اس سے قبل میچ کے لیے افغانستان اور پاکستان دونوں نے گزشتہ میچ کی فاتح الیون کو برقرار رکھا تھا۔
ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد پاکستان کو نفسیاتی برتری حاصل ہے۔پاکستان نے اپنے ابتدائی دونوں میچوں میں بالترتیب بھارت اور نیوزی لینڈ جیسے مضبوط حریفوں کو شکست دی جبکہ افغانستان نے اپنے پہلے میچ میں اسکاٹ لینڈ کو باآسانی زیر کیا تھا۔
