پاکستان میں کرونا سے مزید 32 اموات

پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 56 ہزار 904 ہے جس میں سے 3 لاکھ 23 ہزار 225 صحتیاب ہوئے ہیں جو 91 فیصد کے قریب ہے جبکہ اموات کی تعداد 7 ہزار 141 تک پہنچ گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کرونا وائرس کے 2 ہزار 443 کیسز اور 32 اموات کا اضافہ رپورٹ ہوا جبکہ 811 مریض صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 26 ہزار 538 تک پہنچ گئی. ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد سے جون تک وبا کے پھیلاؤ میں تیزی دیکھی گئی۔ تاہم جولائی میں صورتحال بہتر ہونا شروع ہوئی اور یہ سلسلہ ستمبر کے اوائل تک جاری رہا۔ جس کے بعد ستمبر کے وسط سے ایک مرتبہ پھر کیسز میں اضافہ ہونا شروع ہوا اور اکتوبر میں اس میں مزید تیزی آگئی، جس کا رجحان نومبر میں بھی نظر آرہا ہے اور ملک میں مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد سے تجاوز کرگئی ہے۔ آج 15 نومبر کو ملک میں کرونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔ صوبہ سندھ جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے وہاں 24 گھنٹوں میں مزید 865 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد ایک لاکھ 54 ہزار 738 تک پہنچ گئی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں میں 16 افراد ایسے تھے جو اس عالمی وبا کے باعث انتقال بھی کرگئے اور یوں یہ تعداد 2 ہزار 738 تک جا پہنچی۔ صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کرونا کے 684 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 9 ہزار 993 ہوگئی۔ صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 9 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد پنجاب میں اموات کی تعداد 2 ہزار 471 ہوگئی۔ صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 267 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 41 ہزار 990 ہوگئی۔ اس کے علاوہ مزید4مریضوں کے انتقال کر جانے سے اموات کی مجموعی تعداد 1309ہوگئی۔ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 65 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 16 ہزار 393 ہوگئے۔ بلوچستان میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک فرد کا اضافہ ہوا اور یہ 156 تک پہنچ گئیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 461 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 23 ہزار 994 ہوگئی۔ دارالحکومت میں کرونا سے مزید 2 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 255 ہوگئیں۔ کرونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کرونا کے 119 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 5 ہزار 349 ہوگئی۔ آزاد کشمیر میں گزشتہ کچھ روز سے کرونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے لیکن‌ آزاد کشمیر میں وائرس سے اموات میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور یہ 119 پر برقرار ہے۔ گلگت بلتستان میں وبا کے 13 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 447 ہوگئی۔ وادی میں اموات میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور جاں بحق مریضوں کی تعداد 93 پر برقرار ہے۔ پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 811 افراد شفایاب ہوئے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 23 ہزار 225 ہوگئی۔ ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 54 ہزار 738 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 9 ہزار 993 تک پہنچ چکی ہے۔ صوبہ خیبر پختونخوا میں کرونا وائرس سے 41 ہزار 990 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 16 ہزار 393 ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 23 ہزار 994، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 447 اور آزاد کشمیر میں 5 ہزار 349 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button