پاک فوج کےپائلٹس کیلئے’فرنچ نیشنل ڈیفنس برونزمیڈلز’کااعزاز

پاک فوج کے پائلٹس کوفرانسیسی کوہ پیما کو ریسکیو کرنے پرفرنچ نیشنل ڈیفنس برونزمیڈلزسے نوازا گیا۔
ذرائع کے مطابق آرمی میوزیم میں پاک فوج کے پائلٹس کو میڈلز دینے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں بحر ہند میں فرنچ جوائنٹ فورس کے کمانڈر ریئر ایڈمرل ڈیڈیئر مالٹیرے نے پاک فوج کے پائلٹس کو میڈلز دیے۔
پاک فوج کے پائلٹس کو فرانس نیشنل ڈیفنس برونز میڈلز سے نوازا گیا۔ ان پائلٹس نے 2018 میں فرانسیسی کوہ پیما الیزبتھ ریول کو ‘قاتل پہاڑ’ نانگا پربت میں ریسکیو کیا تھا۔ تقریب میں چیف آف جنرل اسٹاف ساحر شمشاد مرزا سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ جنوری 2018 میں7 ہزار 200 میٹر کی بلندی پر پولش کوہ پیما ’ٹام میکسوچ‘ اور فرانسیسی خاتون کوہ پیما ‘الزبتھ ریول‘ ایک دوسرے سے بچھڑ کر وہاں پھنس گئے تھے۔
پولش اور فرانسیسی سفارت خانوں کی درخواست پر پاک فوج نے دونوں کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے ہیلی کاپٹر روانہ کیے تھے۔ ریسکیو ٹیم نے رات کے اندھیرے میں صرف ساڑھے 8 گھنٹوں میں 1426 میٹر کی بلندی سر کرکے الزبتھ ریول کو ریسکیو کرنے میں کامیاب ہوئے، جبکہ دوسرے کوہ پیما ٹام میکسوچ کو تمام تر کوششوں کے باوجود نہیں بچا پائے۔
