آئی سی سی نےراولپنڈی ٹیسٹ کیلئےمیچ آفیشلزکااعلان کردیا

انٹرنینشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے7 فروری کوپاکستان اوربنگلہ دیش کے درمیان شروع ہونےوالےٹیسٹ کےلیےمیچ آفیشلزکااعلان کردیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آئی سی سی نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریزکےپہلے ٹیسٹ کے لیے رچی رچرڈسن کومیچ ریفری، نائجل لونگ اور کرس گیفنی کو آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے مرحلے میں ہونے والا واحد ٹیسٹ 7 فروری کو راولپنڈی میں شروع ہوگا۔ راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں ماریز ایریسمس ٹی وی امپائر اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے شوزب رضا چوتھے امپائرہوں گے۔ خیال رہے کہ میچ ریفری رچی رچرڈسن دوسری مرتبہ پاکستان آرہے ہیں، انہوں نے اس سے قبل ستمبر2017 میں آئی سی سی ورلڈالیون ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر بھی میچ ریفری کے فرائض انجام دیے تھے۔
ویسٹ اندیز سے تعلق رکھنے والے سابق کرکٹررچی رچرڈسن نے 1985 سے 1996 کے دوران پاکستان میں 21 ون ڈے اور 6 ٹیسٹ میچ بھی کھیلے ہیں۔ میچ کےدیگرآفیشلزمیں شامل کرس گیفنی اور ماریز ایریسمس پہلی مرتبہ پاکستان آرہے ہیں تاہم نائجل لونگ ا س سے قبل بھی پاکستان میں 6 ایک روزہ میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
نائجل لونگ کے لیے راولپنڈی میں امپائرنگ کا یہ پہلاتجربہ ہوگا کیونکہ وہ اس سے قبل کراچی میں 3، لاہور میں2 اور ملتان میں 1 میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے 2009 میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلی گئی ادھوری سیریزمیں فیلڈ امپائر کی ذمہ داریاں نبھائی تھیں۔آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ میچ آفیشلز میں نائجل لونگ اور کرس گیفنی (آن فیلڈ امپائرز)، ماریزایریسمس (تھرڈ امپائر)، شوزب رضا (فورتھ امپائر) اوررچی رچرڈسن (میچ ریفری) شامل ہیں۔
خیال رہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم 17 سال بعد ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے پاکستان پہنچ چکی ہے جس میں تجربہ کار اور سینئر کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ بنگلہ دیش کی ٹیم راولپنڈی ٹیسٹ کے بعد واپس اپنے ملک روانہ ہوجائے گی اور پھر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بعد اپریل میں واپس آکر ون ڈے میچ اور کراچی میں دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔
