پختونخوا حکومت نے آئی ایم ایف شرط پر عملدرآمد سے انکار کر دیا

تحریک انصاف کی خیبر پختونخوا حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرط پر عمل کرنے سے انکار کردیا۔
وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا نے اس حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو خط لکھا ہے ، جس میں انہوں نے کہا ہے ہماری صوبائی حکومت آئی ایم ایف معاہدے کا حصہ مشروط طور پر بنی تھی۔
انہوں نے کہا وفاقی حکومت نے این ایف سی اور این ایچ پی سمیت کے پی کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی،تقریباً دو ماہ ہو گئے وفاقی حکومت نے ابھی تک ہم سے رابطہ نہیں کیا،ہمارے مالی مسائل حل نہیں کیے گئے تو آئی ایم ایف معاہدے پر عمل درآمد نہیں کر سکیں گے،
انکا کہنا تھا سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے، 2010 کے بعد ملک بھر میں سب سے بڑا سیلاب ہے، ضرورت پڑی تو فلڈ ریلیف میں صوبائی بجٹ سمیت مختلف منصوبوں کا بجٹ استعمال کریں گے۔
تیمور سلیم جھگڑا نے کہا آئی ایم ایف کو بھی پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کا ادراک ہونا چاہیئے،مرحلہ وار او پی ڈی کو صحت انصاف کارڈ میں کور کر رہے ہیں۔
