پرویز خٹک نے عمران خان کے پول کھولنا شروع کر دئیے

سابق وزیر دفاع اورپی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے صدر پرویز خٹک نے عمران خان کو چارج شیٹ کرتے ہوئے انھیں ملک دشمن قرار دے دیا۔ پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ عمران ملک میں صرف بدامنی اور انتشار کی سیاست چاہتا ہے۔ عمران خان کو جو غلط فہمی ہے کہ کسی کے جانے سے انہیں فرق نہیں پڑتا یہ غلط فہمی ہم دور کر دیں گے اور انہیں جلد پتہ چل جائے گا کہ ان کے ساتھ ہوتا کیا ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ عمران خان کا مقصد کوئی نیا پاکستان بنانا نہیں، یہ شخص ملک میں صرف انتشار چاہتا ہے تاکہ پاکستان آگے نہ بڑھ سکے، میرے سینے میں بہت سے راز دفن ہیں جو وقت آنے پر سامنے لاوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں حکومت کو صرف ایک شخص اعظم خان چلا رہا تھا، 2013 کے انتخابات کے بعد مجھے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا صرف اس لیے بنایا گیا کہ میرے بغیر تحریک انصاف حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہی نہیں تھی۔

پرویز خٹک نے کہا کہ میں نے چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ نہ چلنے کا فیصلہ بہت پہلے کر لیا تھا۔ یہ بات درست ہے کہ یکم جون کو پی ٹی آئی چھوڑنے سے قبل میں مذاکراتی کمیٹی کا حصہ تھا مگر جب مجھے معلوم ہوا کہ ملک میں اصل ہو کیا رہا ہے تو فوراً پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ مجھ پر کسی نے کوئی دباؤ نہیں ڈالا۔صدر پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز نے کہا کہ 2010 میں جب پی ٹی آئی کی ہوا چلی تو یہ پارٹی صوبے میں کچھ بھی نہیں تھی، جو لوگ آج میرے ساتھ کھڑے ہیں یہی تحریک انصاف کو اوپر لے کر گئے تھے۔سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان پارٹی میں کسی کو کچھ سمجھتا ہی نہیں، کسی کو آگے آنے کا موقع نہیں دیا جاتا، پی ٹی آئی میں صرف ’میں‘ ہی ’میں‘ ہے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز میں شمولیت کے حوالے سے لوگوں کی جو لسٹیں سوشل میڈیا پر جاری کی جا رہی ہیں وہ غلط ہیں، اصل لسٹ تو میرے پاس ہے جو کسی کو جاری ہی نہیں کی۔ بہت جلد لوگوں کی لائن لگے گی جو ہماری پارٹی کا حصہ بنیں گے۔پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا اس پر مجھے افسوس ہے، میں تو ہمیشہ لوگوں کو کہتا رہا کہ پر امن احتجاج کرنا ہے۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعلٰی و وزیر دفاع پرویز خٹک نے نئی جماعت پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کا اعلان کر دیا ہے، پرویز خٹک کی جانب سے بنائی جانے والی نئی جماعت میں پاکستان تحریک انصاف کے 57 قومی و صوبائی ارکان اسمبلی سمیت سابق وزیر اعلٰی محمود خان بھی شامل ہوچکے ہیں۔ نئی پارٹی میں شامل سیاسی رہنما سابق وزیراعظم عمران خان کو سانحہ 9مئی کا ذمہ دارقرار دے رہے ہیں۔جبکہ پرویز خٹک کا نئی پارٹی کے اعلان کے وقت خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سوچنا چاہئے تحریک انصاف نے تین چار بار الیکشن کے مواقع کیوں ضائع کئے، یہ بہت بڑا راز ہے۔ جب یہ راز سامنے آئے گا تو سب کی آنکھیں کھول دیگا کہ پی ٹی آئی کا پروگرام کیا تھا؟ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز بنانے والےسابق وزیراعلیٰ اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ سانحہ 9 مئی جیسے واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے وجود سے ہی ہم سب کا وجود ہے، تحریک انصاف کا خیبرپختونخوا سے مکمل خاتمہ ہوگیا ہے۔ ایک بیان میں پرویز خٹک نے کہا کہ کیا ہم نے جمہوریت کے راستے پر چلنا ہے یا انتشار کے راستے پر، یہ سوال بہت گہرا ہے، سب کو ٹھنڈے دماغ سے اس سوال کا جواب تلاش کرنا چاہیے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز نے اعلامیہ جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 10 سال سے حکومت کرنے والی پارٹی صوبے کی سیاست سے ہی آؤٹ ہوگئی۔اعلامیے کے مطابق خیبر پختونخوا میں نئی سیاسی پارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا جسکا نام پاکستان تحریکِ انصاف پارلیمنٹرینز ہے اور پرویز خٹک کو سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ کےپی محمودخان، سابق وزرا اوردرجنوں ارکان شامل ہوئے ہیں جبکہ نئی پارٹی میں گزشتہ حکومت سے وابستہ 57 سے زائد اراکین اسمبلی شامل ہیں اور مزید شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کے اعلامیے کے مطابق نئی پارٹی کا قیام سانحہ 9 مئی پر پی ٹی آئی میں اختلافات اور احتجاج کی صورت سامنے آیا، نئی پارٹی میں شامل سیاسی رہنما سابق وزیراعظم عمران خان کو سانحہ 9 مئی کا ذمہ دارقرار دے رہے ہیں۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے ملک دشمن ایجنڈے کو عوام اور پارٹی کی قیادت نے مسترد کردیا، سانحہ 9 مئی پر محب وطن سیاست دانوں نے پی ٹی آئی سے راہیں جدا کردیں۔

Back to top button