فالج کا شکار ہونیوالے راہل رائے، سلمان کے شکرگزار کیوں ہیں؟

بالی ووڈ سٹار راہل رائے نے بالی ووڈ بھائی جان سلمان خان کو حقیقی ہیرو قرار دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ جب وہ دماغی فالج کا شکار ہوئے تو ہسپتال کے اخراجات سے پریشان ہوگئے تھے لیکن سلمان خان نے خود فون کر کے مدد کی، ہسپتال کے تمام بلز ادا کیے اور میڈیا کو خبر بھی نہیں ہونے دی۔راہل رائے 30 نومبر 2020 کو کارگل کی اونچائی پر شوٹنگ کے دوران دماغی فالج کا شکار ہوئے تھے، انہیں ہنگامی بنیادوں پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، رپورٹس تھیں کہ کارگل کے اونچے مقام پر زیادہ ٹھنڈ اور سانس لینے میں دشواری کے باعث راہل رائے دماغی فالج کا شکار ہوگئے تھے۔
راہل رائے کو کارگل کی اونچائی سے بڑی کوششوں کے بعد ابتدائی طور پر مقبوضہ کشمیر کے شہر سری نگر لایا گیا تھا، جہاں سے ایمبولینس کے ذریعے انہیں ریاست مہاراشٹر کے شہر ممبئی کے نجی ہسپتال میں پہنچایا گیا تھا۔راہل رائے پر دماغی فالج کا شدید حملہ ہوا تھا اور ان کے ذہن کے ایک حصے میں خون جم گیا تھا، جس کی وجہ سے وہ بے ہوش ہوگئے تھے۔راہل رائے 30 نومبر 2020 سے لے کر 6 جنوری 2021 تک ہسپتال میں زیر علاج رہے تھے اور ان کے علاج پر لاکھوں روپے اخراجات آئے تھے۔
صحت یابی دو سال بعد اب راہل رائے نے بیماری کے دوران اپنی مالی مشکلات پر بات کی اور بتایا کہ سلمان خان نے ان کی بہت مالی مدد کی، بالی وڈ ہنگامہ‘‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں راہل رائے اور ان کی بہن پریانکا رائے نے بتایا کہ بیماری کے وقت کس قدر وہ پریشان ہوگئے تھے۔
اداکار کی بہن نے بتایا کہ ان کے بھائی تو کوما میں چلے گئے تھے، اس لیے انہیں بہت ساری چیزوں کا علم نہیں لیکن وہ جانتی ہیں کہ انہوں نے کس طرح لوگوں سے مالی مدد کی اپیلیں کیں۔پریانکا رائے کے مطابق انہوں نے اپنے شوہر اور اہل خانہ سمیت راہل رائے کے دوستوں اور شوبز انڈسٹری کے لوگوں سمیت عام افراد سے بھی پیسے مانگے۔ دماغی فالج کے حملے کے وقت ان کے بھائی جس فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے، اس کے ہدایت کار نے بھی صرف دو سے تین لاکھ روپے دیئے جوکہ بھائی کا معاوضہ تھا۔
پریانکا رائے کے مطابق انہوں نے سلمان خان سے مدد نہیں مانگی تھی لیکن انہوں نے خود ہی انہیں فون کر کے مدد کی پیش کش کی اور فروری میں انہوں نے ہسپتال کے تمام بل ادا کر دیئے اور آج تک کسی کو کچھ نہیں بتایا۔اداکار کی بہن نے سلمان خان کی تعریفیں کرتے ہوئے انہیں حقیقی ہیرو قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے نیکی کی اور اس کی میڈیا میں خبر تک نہیں دی۔اسی دوران راہل رائے نے بھی سلمان خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ نہ صرف سچے ہیرو ہیں بلکہ مخلص انسان اور بہترین دوست بھی ہیں۔
راہل رائے نے کہا کہ بھارتی لوگ خوامخواہ میں سلمان خان سے متعلق ایسی ویسی باتیں کرتے ہیں جب کہ وہ اس طرح کا شخص نہیں، وہ انتہائی نفیس اور اچھے انسان ہیں جو دوسروں کی مدد کرنے پر یقین رکھتے ہیں، راہل رائے نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ماضی میں سلمان خان کے ساتھ فلم میں کام بھی کر چکے ہیں اور وہ تب سے جانتے ہیں کہ سلمان خان بہترین انسان ہیں۔
