پرویز رشید کے کاغذات پر تحریک انصاف نے اعتراض داخل کر دیا

پرویز رشید کے کاغذات پر تحریک انصاف نے اعتراض داخل کر دیا۔ کاغذات جنرل نشست کےلیے جمع کرائے جب کہ بیان حلفی پر ٹیکنوکریٹ کی نشست کا ذکر ہے۔
تحریک انصاف نے اعتراضات ریٹرننگ افسر کو جمع کرا دیئے۔ پی ٹی آئی کی ایم پی اے زینب عمر نے اعتراضات دائر کیے۔ ایم پی اے زینب عمر نے اپنے وکیل رانا مدثر کے توسط سے اعتراضات دائر کیے۔ تحریک انصاف کی جانب سے اعتراض کیا گیا ہے کہ پرویز رشید نے کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی کی، الیکشن لڑنے کے اہل نہیں، انہوں نے ضروری دستاویزات بھی جمع نہیں کرائے، پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں، لیگی رہنما پارلیمنٹ لاجز کی رقم کی ادائی کے بھی نادہندہ ہیں۔ اعتراض کیا گیا کہ پرویز رشید اپنی تقریروں میں اداروں کے خلاف بات کرتے رہے ہیں، یہ آرٹیکل 63 جی کے تحت موزوں امیدوار نہیں، پرویز رشید اداروں کے راز لیک کرنے پر قصور وار ٹھہرائے گئے، جسٹس ر عامر رضا کی انکوائری رپورٹ کو آج تک چیلنج نہیں کیا گیا، پرویز رشید نے ٹیکس اور آمدن گوشواروں میں بھی غلط بیان کی، ان کے کاغذات مسترد کیے جائیں۔
