پاسداران انقلاب کے اردن، بحرین اور کویت میں امریکی فوجی اڈوں پر حملے

پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہےکہ ایران پر حالیہ امریکی حملوں کے جواب میں اردن، بحرین اور کویت میں امریکی اہداف اور فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
پاسداران انقلاب کےمطابق اردن کی پرنس حسن ائیربیس پر میزائل ڈپو اور فیول ٹینکس کو نشانہ بنایاگیا جب کہ بحرین کی شیخ عیسیٰ ائیربیس پر امریکی فوج کے ڈرون کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو نشانہ بنایاگیا۔
پاسداران کے مطابق کویت میں علی السالم ائیربیس پر پیٹریٹ ائیرڈیفنس سسٹم اور فیول ٹینکس کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا جب کہ احمد الجابر فوجی اڈے پر ایک ایف پی ایس ریڈار سسٹم کو بھی نشانہ بنایاگیا۔
ایک بیان میں پاسداران انقلاب کا کہنا تھا کہ ایران آبنائے ہرمز میں غیر ملکی فوجی موجودگی اور مداخلت مزید برداشت نہیں کرے گا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کےمطابق ان کارروائیوں کےبعد اردن کے شہزادہ حسن ایئر بیس پر ایندھن کے ٹینکوں اور اسلحہ ڈپوؤں میں آگ لگ گئی ہے۔پاسداران انقلاب نے کویت میں دو فضائی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا۔
یہ دعوے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں کہ جب خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان جوابی حملوں کا سلسلہ مزید شدت اختیار کررہا ہے۔
آبنائے ہرمز فلیش پوائنٹ بن گئی،عالمی تجارت اور تیل کی رسد خطرے میں
دوسری جانب اردن کی مسلح افواج کا کہنا ہےکہ انہوں نے ایران سے داغے گئے 4 میزائلوں کو اردن کی فضائی حدود میں تباہ کردیا ہے۔
کویت کی مسلح افواج کا کہنا ہےکہ ملکی فضائی حدود میں داخل ہونے والے دشمن کے میزائلوں کو تباہ کیا جارہا ہے۔
کویتی فوج کے سربراہ نے کہا کہ مسلح افواج اس وقت کویتی فضائی حدود میں موجود دشمن اہداف کو روکنے میں مصروف ہیں۔
