’پسوڑی‘ گانے والی شے گل کی تصویر ٹائمز سکوائر پر کیوں؟

’کوک سٹوڈیو سیزن 14‘ میں علی سیٹھی کے ساتھ گائے گے گانے ’پسوڑی‘ سے شہرت حاصل کرنے والی گلوکارہ شے گل کی تصویر کو میوزک سٹریمنگ ویب سائٹ ’سپاٹی فائے‘ نے نیویارک کے معروف ٹائمز اسکوائر پر آویزاں کردیا ہے۔ یاد رہے کہ 24 سالہ شے گل لاہور سے ہیں جنہوں نے اپنی ہاسٹل کی دوست کے ہمراہ گلوکاری کا آغاز کیا تھا لیکن پسوڑی گانا ہٹ ہونے کے بعد وہ اب وہ معروف گلوکارہ بن چکی ہیں۔
شے گل سے قبل سپاٹی فائے آٹھ پاکستانی خواتین سنگرز کی تصاویر بھی ٹائمز سکوائر پر آویزاں کر چکی ہے۔ سپاٹی فائے نے مارچ 2022 سے ’اکوئل پاکستان‘ نامی پراجیکٹ کا آغاز کیا تھا، جس کے تحت ہر ماہ ایک پاکستانی گلوکارہ کی تصویر کو ٹائمز سکوائر پر آویزاں کیا جا رہا ہے۔ ’اکوئل پاکستان‘ نامی منصوبے کے تحت شے گل کی تصویر کو دسمبر کے مہینے میں ٹائمز اسکوائر پر آویزاں کیا گیا۔ شے گل سال 2022 کی آخری گلوکارہ بنیں، جن کی تصویر کو امریکی سینٹر کے بل بورڈز پر آویزاں کیا گیا۔ شے گل سے قبل گزشتہ ماہ نومبر کو گلوکارہ نتاشا نورانی کی تصویر کو ٹائمز سکوائر پر آویزاں کیا گیا تھا۔ منصوبے کے تحت اکتوبر میں حجابی گلوکارہ ایوا بی کی تصویر کو ٹائمز سکوائر پر آویزاں کیا گیا تھا۔ اسی پراجیکٹ کے تحت ستمبر میں گلوکارہ مومنہ مستحسن کی تصویر کو ٹائمز سکوائر پر آویزاں کیا گیا تھا۔
اسی سلسلے کی کڑی کے تحت اگست میں نازیہ حسین کی تصویر کو’سنگر آف دی منتھ‘ کے طور پر ’اکوئل پاکستان‘ منصوبے کے بینر تلے ٹائمز سکوائر پر آویزاں کیا گیا۔
نازیہ حسن سے قبل جولائی میں گلوکارہ نتاشا بیگ اور جون میں گلوکارہ زبیری زوہا کی تصاویر کو ٹائمز سکوائ پر آویزاں کیا گیا تھا۔ اسی طرح مئی میں گلوکارہ حدیقہ کیانی جب کہ اپریل میں مہک علی کی تصویر کو ٹائمز سکوائر پر آویزاں کیا گیا تھا۔ ’اکوئل پاکستان‘ منصوبے کے تحت پہلی بار مارچ 2022 میں ٹائمز سکوائر پر پاکستانی نژاد امریکی گلوکارہ عروج آفتاب کی تصویر آویزاں کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ پسوڑی گانا کوک سٹوڈیو سیزن 7 کے مقبول ترین گانوں میں سے ایک ہے، جس کو علی سیٹھی کی جادوئی آواز اور عمدہ بیٹ کی وجہ سے سب نے پسند کیا۔ لیکن اس گانے سے شے گل بھی گلوکاری کی دنیا کا ایک معروف نام بن گئی ہیں۔
گلوکارہ کو پسوڑی گانے کے بعد سے بہت مقبولیت مل رہی ہے اور لوگوں کے اندر ان کو جاننے کا تجسس بھی پایا جاتا ہے۔ شے گل کے مطابق پہلے وہ شوق سے گاتی تھیں لیکن اب یہ اُن کا پیشہ بن گیا ہے۔ شے گل نے کہا کہ میرے لئے یہ بہت بڑی بات ہے کہ میرا گانا مشہور ہوگیا۔ انہوں نے اپنے گلوکاری کے سفر کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ شروع شروع میں صرف شوق کیلئے گلوکاری کرتی تھی، ایک دن میں نے اپنی گلوکاری کی ویڈیو انسٹاگرام پر لگادی جس کو لوگوں نے بہت پسند کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جب مجھے کوک اسٹوڈیو کی طرف سے کال آئی تو مجھے بہت حیرانی ہوئی اور مجھے اس بات کو ہضم کرنے میں وقت بھی لگا۔ کوک سٹوڈیو کے پروڈیوسر ذوالفقار جبار خان نے میرے انسٹاگرام پیج کو دیکھا کہ میں کیسے گا رہی ہوں اور انھیں میرا گانا پسند آیا۔ پھر انہوں نے انسٹاگرام پر رابطہ کیا اور کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ آپ کوک سٹوڈیو کے لیے گانا گائیں۔ شے گل نے کہا کہ کوک سٹوڈیو نے بس یہ کہا تھا کہ وہ کچھ ہفتوں بعد بتائیں گے کہ میں کس کے ساتھ گانا گاؤں گی اور جب انہوں نے مجھے بتایا کہ مجھے علی سیٹھی کے ساتھ گانا ہے تو اس وقت میں بہت خوش تھی کیونکہ مجھے علی سیٹھی کے ساتھ گانے کا موقع ملنے والا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ علی سیٹھی نے انہیں گانے کے دوران بہت زیادہ سپورٹ کیا اور وہ اس حوالے سے ان کی مشکور ہیں۔
