پنجاب اور خیبر پختونخوا میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز

صوبہ خیبر پختونخوا میں پانچ روزہ پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا، مہم کے دوران 67 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پشاور میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے بچے کو قطرے پلا کر کیا۔ جب کہ لاہور میں پولیومہم 17 سے 21 فروری تک جاری رہے گی
وزیرصحت خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا نے انکاری والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں تاکہ ان کے بچے معذوری سے بچ سکیں۔
میڈیا سے بات چیت میں وزیر صحت خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ حکومت پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کےلیے پرعزم ہے۔ پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران صوبے میں 67 لاکھ 52 ہزار 326 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔پولیو مہم کے لیے 2 ہزار سے زیادہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں رواں سال اب تک پولیو کے 6 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
اسی طرح محکمہ صحت پنجاب نے لاہور میں بھی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا البتہ پانچ روزہ پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز 17 فروری سے ہوگا۔ لاہور میں پولیومہم 17 سے 21 فروری تک جاری رہے گی، 18 لاکھ 66 ہزار بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔ اس مقصد کےلیے 5 ہزار 470 ٹیمیں گھر گھر جائیں گی۔ پولیو مہم کا افتتاح گورنمنٹ میاں میراسپتال میں کیا گیا۔ محکمہ صحت کے حکام کا کہنا تھا کہ حساس علاقوں میں خصوصی سیکیورٹی کے ساتھ قطرے پلائیں گے، والدین تعاون کریں۔
پولیو سے بچاؤ کے قطرےپلانے میں مائیں بھی پیش پیش رہیں اور لوگوں کو پیغام دیا کہ بچوں کو قطرے پلاکر انہیں عمر بھر کی معذوری سے بچائیں ۔
بچوں کے والدین نے عزم ظاہر کیا کہ وہ پولیو مہم میں بھرپورشرکت کریں گے اور ملک کو پولیو فری بنا کر دم لیں گے۔
