پنجاب بھر میں ٹی ایل پی کا احتجاج جاری

لاہور ، راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میںکالعدم تحریک لبیک پاکستان کا احتجاج جاری ہے ، اب بھی بند ہیں کئی سڑکیں ، پولیس ترجمان رانا عارف نے بتایا کہ مظاہرین کالا شاہ کاکو انٹرچینج پہنچ گئے جبکہ اسلام آباد پہنچنے کے لیے گرینڈ ٹرنک روڈ استعمال کیا جائے گا ، احتجاج کے دوران 3 پولیس اہلکار شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔
دریں اثنا ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کا مقابلہ دیکھنے کے لیے دبئی میں موجود وزیر داخلہ شیخ رشید عمران خان کے حکم پر ہفتے کو ہی وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
ٹریفک کے لیے بند سڑکوں کی فہرست پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے جاری کر دی گئی ہے۔ بند روٹس میں دبئی چوک سے سکیم موڑ، کھڑک سے سکیم موڑ، لیاقت چوک سے اسکیم موڑ، گلشن راوی سے یتیم خانہ، سمن آباد سے یتیم خانہ، بندر روڈ شیل پمپ سے یتیم خانہ، بابو صابو سے موٹروے، شاہدرہ چوک، سگیاں پل، پرانا راوی پل، مون مارکیٹ سے اسکیم موڑ، بجلی گھر سے اسکیم موڑ، ضلعی کورٹس سگیاں، داتا دربار سے پیر مکی اور لاہور رنگ روڈ شامل ہیں۔
دریں اثنا اسلام آباد ٹریفک پولیس کے الرٹ میں رہائشیوں کو بند روٹس کے متعلق آگاہی دی گئی ، مارگلہ روڈ، ایوب چوک، نادرا چوک اور ڈھوکری چوک کو متبادل طور پر استعمال کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ٹوئٹر پر بیان میں ان کا کہنا تھا کہ آئی جے پی روڈ سے فیض آباد اور آئی جے پی روڈ سے اسٹیڈیم روڈ تک ٹریفک کے دونوں اطراف کے لیے نائنتھ ایونیو سگنل پر ڈائیورژن رکھا گیا ہے، متبادل کے طور پر نائنتھ ایونیو کو اسلام آباد میں داخل ہونے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔
مری روڈ کو دونوں جانب سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا، پولیس کے مطابق اسلام آباد سے مری روڈ کی طرف جانے والے مسافروں کے لیے ٹریفک کو اسلام آباد ہائی وے کی طرف موڑا جا رہا ہے ۔ متبادل کے طور پر پارک روڈ، ٹرامری چوک اور لہترار روڈ کو اسلام آباد ہائی وے تک پہنچنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
مزید کہا گیا کہ راولپنڈی میں میٹرو بس سروس معطل کردی گئی ہے لیکن آئی جے پی روڈ کے اسٹاپ سے پاکستان سیکریٹریٹ تک آپریشنل ہے۔کالعدم تنظیم کے دھرنوں کا تازہ دور منگل سے شروع ہوا تاکہ پنجاب حکومت پر اس کے سربراہ حافظ سعد حسین رضوی کی رہائی کے لیے دباؤ ڈالا جائے جو اس کے مرحوم بانی خادم رضوی کے بیٹے ہیں۔
سعد رضوی کو پنجاب حکومت نے 12 اپریل کو پبلک آرڈر کی بحالی (ایم پی او)‘ کے تحت حراست میں لیا تھا تاہم ٹی ایل پی کے رہنما پیر اجمل قادری نے جمعرات کو اپنے زیر حراست قائد کی رہائی سے الگ کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد ’حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا احترام‘ ہے۔
