پنجاب میں کاروباراور تفریحی مقامات شام 6 بجے بند کرنے کا حکم

سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نے صوبے میں نئی پابندیوں اور کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار میں تبدیلی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔
کرونا وائرس کے مسلسل بڑھتے خطرے کے پیش نظر حکومت پنجاب کی جانب سے عوام کے تحفظ کے لیے بڑے فیصلے کئے گئے ہیں، اور صوبائی سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے پابندیوں اور کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار میں تبدیلی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کاروباری مراکز شام 6 بجے بند جب کہ ہفتہ اور اتوار کام کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی، جب کہ نوٹی فکیشن کا اطلاق فی الفور ہوگا اور 29 مارچ تک نافذ العمل رہے گا۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: پنجاب کے مختلف شہروں میں اتوار سے 2 ہفتوں تک پابندیاں عائد
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ تمام میڈیکل سروسز، فارمیسیز، میڈیکل اسٹورز، لیباریٹریز، کلیکشن پوائنٹس 24 گھنٹے اور ہفتے کے 7 دن کھلے رہیں گے، گروسری اسٹورز، جنرل اسٹورز، چکیاں، فروٹ، سبزی کی دکانیں، تندور اور پیٹرول پمپس کو پورا ہفتہ 24 گھنٹے کھلا رہنے کی اجازت ہوگی، فلنگ پلانٹس، ورک شاپس، ٹائر پنکچر، اسپیئر پارٹس اور زرعی مشینری و آلات کی دکانیں بھی 24 گھنٹے کھلی رہیں گی، جب کہ تمام سرکاری و نجی دفاتر 50 فیصد اسٹاف کے ہمراہ کام کرنے کی پالیسی پرکاربند ہوں گے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 46 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 13 ہزار 476 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 2 ہزار 536 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 338 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 83 ہزار 815، سندھ میں 2 لاکھ 60 ہزار 959، خیبر پختونخوا میں 75 ہزار 357، بلوچستان میں 19 ہزار 188، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 960، اسلام آباد میں 47 ہزار 365 جبکہ آزاد کشمیر میں 10 ہزار 892 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 94 لاکھ 45 ہزار 138 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 42 ہزار 499 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 5 لاکھ 69 ہزار 296 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 720 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 46 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 13 ہزار 476 ہوگئی۔ پنجاب میں 5 ہزار 732، سندھ میں 4 ہزار 453، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 147، اسلام آباد میں 522، بلوچستان میں 202، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 317 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button