پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 27 روپے تک کمی کا امکان

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں واضح کمی دیکھنے کو آئی ہے، خام تیل کی قیمتیں 23 فیصد تک کم ہوگئی ہیں جس کے بعد امید ظاہر کی جارہی ہے کہ پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔ اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد حکومت کو بھی چاہیئے کہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو فوری طور پر کم کیا جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف ملے۔
عالمی مارکیٹ میں تیل کی کم ہونے والی قیمتوں کا حساب لگایا جائے تو پاکستان میں پٹرول 27 روپے فی لیٹر تک سستا ہوسکتا ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے فروری کے مہینہ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، اوگرا نے ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں اضافے اور پٹرول کی قیمت میں معمولی کمی کی تجویز دی تھی جسے مسترد کر دیا گیا۔
یوں رواں ماہ پٹرول کی قیمت 116 روپے 60 پیسے فی لیٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل 127 روپے 26 پیسے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل 84 روپے 51 پیسے فی لیٹر جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 99 روپے 45 پیسے فی لیٹر کی سطح پر برقرار ہے۔ اب عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں 23 فیصد تک کمی ہوگئی ہے، اگر اس حساب سے پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اندازہ لگایا جائے تو پاکستان میں پٹرول 27 روپے فی لیٹر تک سستا ہوسکتا ہے، جس کے بعد پٹرول کی قیمت 90 روپے فی لیٹر ہوسکتی ہے، جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 29 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے، جس کے بعد ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 98 روپے فی لیٹر ہوسکتی ہے۔
